Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وزیراعظم شہباز شریف سے عالمی رہنماؤں کا رابطہ، ایران امریکہ مجوزہ مذاکرات پر گفتگو

وزیراعظم نے ایران امریکہ مذکرات کی کامیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرنے پر عالمی رہنماؤں کا شکریہ ادا کیا (فائل فوٹو: اے پی پی)
متعدد عالمی رہنماؤں نے جمعرات کے روز وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کو ٹیلی فون کر کے ایران اور امریکہ کے درمیان جنگ بندی کرانے اور فریقین کو مذاکرات کی میز پر لانے میں کردار ادا کرنے پر مبارک باد دی ہے۔
فرانس کے صدر کا  امن مذاکرات کی کامیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا
وزیراعظم آفس کے مطابق فرانس کے صدر ایمانویل میکخواں نے جمعرات کے روز وزیراعظم شہباز شریف سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور خطے کی صورت حال پر بات کی۔
’گرم جوش اور خوش گوار گفتگو کے دوران فرانسیسی صدر نے مشرق وسطیٰ میں جنگ بندی کرانے اور ایران اور امریکہ کو مذاکرات پر رضامند کرنے پر کی میز پر لانے میں پاکستان کی ثالثی کی کوششوں کو سراہا۔ ‘
انہوں نے اسلام آباد میں ہونے والے مجوزہ امن مذاکرات کی کامیابی کے لیے بھی اپنی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
صدر ایمانویل میکخواں کی جانب سے پاکستان کی سفارتی کاوشوں کی حمایت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان خطے میں امن و استحکام کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔
دونوں رہنماؤں نے لبنان میں جاری جارحیت پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور زور دیا کہ تشدد اور خون ریزی کا فوری خاتمہ ضروری ہے تاکہ پورے خطے میں امن بحال کیا جا سکے۔
لبنانی وزیراعظم کی اسرائیلی حملوں کو ختم کرانے کے لیے پاکستان سے تعاون کی درخواست
وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے لبنان کے خلاف اسرائیل حملوں کی شدید مذمت کی ہے اور قیمتی جانوں کے ضیاع پر دُکھ کا اظہار کیا ہے۔
جمعرات کو لبنان کے وزیراعظم نواف سلام سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف نے اسرائیلی حملوں کو امن اور خطے کی سلامتی کے لیے خطرہ قرار دیا۔
اس حوالے سے وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے ’ایکس‘ پر مزید لکھا کہ پاکستان علاقائی امن کے لیے مخلصانہ کوششوں میں مصروف ہے اور اسی جذبے کے تحت ایران اور امریکہ کے درمیان امن مذاکرات کی میزبانی کر رہا ہے۔

شہباز شریف نے لبنانی وزیراعظم سے بات کرتے ہوئے اسرائیلی حملوں کی مذمت کی (فائل فوٹو: اے ایف پی)

لبنان کے وزیراعظم نے وزیراعظم شہباز شریف کی امن کی کوششوں پر اُن کا شکریہ ادا کیا اور لبنان اور اس کے عوام کے خلاف جاری حملوں کو فوری طور پر ختم کرانے کے لیے پاکستان سے تعاون طلب کیا۔
وزیراعظم اور بحرین کے بادشاہ کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ
وزیراعظم شہباز شریف اور بحرین کے بادشاہ شاہ حمد بن عیسیٰ آل خلیفہ کے درمیان بھی جمعرات کو ٹیلی فون پر گفتگو ہوئی۔
شاہ حمد بن عیسیٰ آل خلیفہ نے ایران اور امریکہ کے درمیان جنگ بندی کرانے میں پاکستان کی سفارتی کوششوں پر وزیراعظم کو خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ اس پیش رفت سے خطے میں دیرپا امن کے امکانات روشن ہوئے ہیں۔
وزیراعظم نے پاکستان کی امن کوششوں کی حمایت پر شاہ بحرین کا شکریہ ادا کیا اور گذشتہ چھ ہفتوں کے دوران بحرینی قیادت کی جانب سے دکھائے گئے مثالی تحمل کو سراہا۔ 
انہوں نے حالیہ کشیدگی کے دوران بحرین میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا، متاثرہ خاندانوں سے تعزیت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔

فرانسیسی صدر نے ایران اور امریکہ کو مذاکرات کی میز پر لانے میں پاکستان کی ثالثی کی کوششوں کو سراہا (فائل فوٹو: اے ایف پی)

وزیراعظم سے اٹلی کی وزیراعظم کا ٹیلی فونک رابطہ
اٹلی کی وزیراعظم جورجیا میلونی نے جمعرات کو وزیراعظم شہباز شریف سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا اور امریکہ- ایران جنگ بندی اور مذاکرات کی بحالی کے لیے پاکستان کی کامیاب سفارتی کوششوں کو سراہا۔
دونوں رہنماؤں نے لبنان میں جاری جنگ پر سخت تشویش کا اظہار کیا، اور مزید کشیدگی کو روکنے کے لیے مربوط بین الاقوامی کوششوں کی ضرورت پر اتفاق کیا، تاکہ خطے میں دیرپا امن اور استحکام کی راہ ہموار کی جا سکے۔
وزیراعظم کی جرمنی کی چانسلر سے ٹیلیفونک گفتگو
وزیراعظم شہباز شریف اور جرمنی کے چانسلر فریڈرک مرز نے بھی جمعرات کو ٹیلی فون پر بات چیت کی۔ جرمن چانسلر نے وزیراعظم پاکستان کی سفارتی کوششوں کو سراہا جن کے نتیجے میں ایران اور امریکہ کے درمیان جنگ بندی اور اسلام آباد میں مذاکرات کا آغاز ہونے جا رہا ہے۔
دونوں رہنماؤں نے لبنان میں جاری لڑائی پر بھی تشویش کا اظہار کیا اور امید ظاہر کی کہ  مذاکرات کے ذریعے پورے خطے میں امن لوٹ آئے گا۔
 

شیئر: