’حرید نائٹس‘: پیرٹ فِش کی آمد سے الحسیس کے ساحل پر جشن کا سماں
مملکت کے الحسیس ساحل پر پیرٹ فِش سیزن کی وجہ سے آج کل غیر معمولی قدرتی اور ثقافتی نظارہ دیکھنے کو مل رہا ہے جہاں فطرت اور مقامی ورثہ مل کر سمندر کی ایک منظری پیشکش کی صورت اختیار کر لیتے ہیں۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق ہر برس ہونے والا یہ ایونٹ آج کل اس لیے اپنے عروج پر ہے کیونکہ پیرٹ فِش کا سیزن بھی اپنے کمال پر ہے۔ پیرٹ فِش وہ مچھلی ہے جس کا منہ طوطے کی چونچ کی طرح کا ہوتا ہے۔ یہ مچھلی حفاظت کے لیے اپنے اردگرد حصار بنانے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
پیرٹ فِش ہر سال اسی زمانے میں نمودار ہوتی ہے جسے مقامی بولی میں حرید کہتے ہیں۔ پیرٹ فِش کی آمد سے الحسیس کے ساحل پر جشن کا سماں بندھ جاتا ہے اور’حرید نائٹس‘ کا آغاز ہو جاتا ہے۔
جزائر فرسان کے رہنے والوں کے لیے یہ تقریب قدیم ترین روایات میں سے ایک ہے۔ یہ ایونٹ وہاں کے لوگوں اور سمندر کے درمیان گہرے رابطوں کا ایک اظہار بھی ہے جو نہ صرف زندگی بلکہ زندگی گزارنے کے وسائل بھی ساتھ لاتا ہے۔
صبح سویرے مچھیرے اکٹھے ہو جاتے ہیں اور روایتی طریقوں سے جن میں پانی میں جال ڈالنا یا پودوں کی شاخوں کی مدد سے منظم انداز میں مل کر ماہی گیری کرتے ہیں۔ یہاں فضا میں خوشی رچی بسی ہوتی ہے اور لوگوں کے ہونٹوں پر لوک گیت رقصاں ہوتے ہیں۔

’حرید نائٹس‘جوش و خروش اور زندگی اور اس کی رعنائیوں سے بھرپور ہوتی ہیں اور ایک روایت کی صورت میں نسل در نسل چلی آ رہی ہیں جنھیں بہت دھوم دھام سے منایا جاتا ہے۔
اس ایونٹ میں بچے اپنے والدین کے ساتھ شریک ہوتے ہیں۔ الحسیس کے ساحل پر ان دنوں باہر سے آنے والوں کا بھی کافی ہجوم ہوتا ہے جو ان مناظر اور ساحلی فضا کا جی بھر کے مزا لیتے ہیں۔

یہ سیزن، جزائر فرسان کی حیثیت میں اضافے میں بھی مدد دیتا ہے کیونکہ اپنے قدرتی تنوع اور دلکش ساحلوں کی وجہ سے لوگ بڑی تعداد میں یہاں آتے ہیں اور یہ جزائر ماحولیاتی اور سیاحتی منزل میں تبدیل ہو جاتے ہیں۔
یہ سالانہ تقریب، سمندری ماحول کے تحفظ کی اور اس کے وسائل کی پائیداری یقینی بنانے کی اہمیت کو بھی نمایاں کرتی ہے۔