Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حدود الشمالیہ کے دلدلی علاقوں میں سفید بگلوں کی موجودگی ریکارڈ

یہ پرندہ اپنے سفید چمکدار پروں کے ساتھ نمایاں دکھائی دیتا ہے۔ ( فوٹو: ایس پی اے)
حدود الشمالیہ ریجن میں حالیہ بارشوں کے بعد دلدلی علاقوں میں سفید بگلوں( گریٹ وائٹ ایگریٹ) کی موجودگی ریکارڈ کی گئی ہے۔
یہ بگلے کھلے میدانوں، کھیتوں اور عارضی آبی ذخائر میں پائے جانے والا نمایاں پرندہ ہے، جو اپنے سفید چمکدار پروں کے ساتھ نمایاں طور پر دکھائی دیتا ہے۔
سعودی خبررساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق ماہرین کا کہنا ہے افزائش نسل کے موسم میں سفید بگلے کے سر اور گردن پر ہلکی سنہری رنگ کی جھلک دکھائی دیتی ہے۔ اس کی چونچ زردی مائل نارنجی اور ٹانگیں گہرے رنگ کی ہوتی ہیں۔
 سفید بگلا، ماحولیاتی طور پر انتہائی موافق پرندہ ہے، جو دلدلی علاقوں، ندی نالوں کے کناروں اور عارضی تالاب و زرعی زمینوں میں پایا جاتا ہے۔  کیڑے مکوڑے، مینڈک اور چھوٹے رینگنے والے حشرات اس کی خوراک ہوتے ہیں۔

مملکت کے شمالی علاقوں میں اس پرندے کی آمد عموما موسمی نقل مکانی کے دوران دیکھنے میں آتی ہے، جو بہار (مارچ سے مئی) اور خزاں (ستمبر سے نومبر) میں ہوتی ہے، تاہم بعض پرندے موزوں ماحول میں مستقل طور پر بھی قیام کرتے ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے بارشوں کے بعد عارضی آبی ذخائر میں اس نوع کے پرندوں کی موجودگی حیاتیاتی تنوع کی عکاسی کرتی ہے۔

یہ اس امر کا واضح ثبوت ہے کہ یہ علاقے  نقل مکانی کرنے والے اور مقامی پرندوں کے لیے موزوں مسکن فراہم کرتے ہیں۔ قدرتی مقامات کے تحفظ اور پائیداری کو یقینی بنانا انتہائی اہم ہے۔

 

شیئر: