’ہمارا مشرقی علاقہ سبز ہے‘ بقیق میں پودے لگانے اور سبزے کو بڑھانے کی مہم مکمل
مہم ماحولیاتی پائیداری کو بہتر بنانے کی وسیع تر کوشش کا حصہ ہے ( فوٹو: ایس پی اے)
مملکت کے مشرقی صوبے کی بلدیہ نے بقیق کمشنری میں سالِ رواں کے پہلے کوارٹر کے دوران شہری منظرنامے اور انفراسٹرکچر کو سبز بنانے کی ایک پرعزم مہم مکمل کر لی ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق اس مہم کے دوران کمشنری بھر میں پودے لگانے اور دیکھ بھال کے کئی کام مکمل کیے گئے جو شہر میں رہائش کے معیار اور ماحولیاتی پائیداری کو بہتر بنانے کی ایک وسیع تر کوشش کا حصہ ہیں۔
’ہمارا مشرقی علاقہ سبز ہے‘ کے انیشیٹیو کے تحت اس کوشش کی نمایاں بات، عوامی راستوں پر لگائے گئے 1365 درخت ہیں۔ یہ پروگرام، سبزے کو بڑھانے اور شہریوں کے لیے ہوا کی کوالٹی کو بہتر بنانے کے لیے ترتیب دیاگیا ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق مہم کے دوران، 85000 موسمی اور سدا بہار پھولوں والے پودے بھی عوامی راستوں پر لگائے گئے ہیں جس سے سڑکوں اور گلیوں پر خوبصورتی کی ایک اضافی تہہ بھی نظر آ رہی ہے۔
اس کے علاوہ بلدیہ نے شہر میں 357000 سکوائر میٹر سبز مقامات اور 365 سایہ دار درختوں کی دیکھ بھال اور مختلف عمارتوں اور گلیوں اور سڑکوں کی مرمت کا کام بھی کیا ہے۔
بلدیہ کے عملے نے 700 کلو میٹر پر محیط سائبان والی پناہ گاہوں کو مرمت سے بحال کیا ہے جبکہ دو ہزار میٹر طویل سبز رہداریوں کو مضبوط بنانے کے لیے باڑ بھی لگائی گئی ہے۔
بچوں کے کھیلنے کے لیے 4850 سکوائر میٹر حصہ بھی زیرِ مرمت رہا ہے تاکہ عوامی تفریحات کی سہولتیں محفوظ بنائی جا سکیں اور کام کرتی رہیں۔
