الباحہ میں گرین باحہ ہیریٹج کا آغاز، 20 ہزار سے زیادہ مقامی پودوں کی شجرکاری
الباحہ کے میئر ڈاکٹر علی بن محمد السواط نے جمعرات کو اس سکیم کا آغاز کیا فوٹو: ایس پی اے)
الباحہ میونسپلٹی نے ماحول کے حوالے سے آگاہی مہم چلانے کے سلسلے میں گرین باحہ ہیریٹج کا آغاز کر دیا ہے۔
سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق الباحہ کے میئر ڈاکٹر علی بن محمد السواط نے جمعرات کو اس سکیم کا آغاز کیا۔ اس تقریب میں الباحہ برانچ کے وزارت ماحول، پانی اور زراعت کے ڈائریکٹر جنرل فہد مفتاح الزہرانی اور دیگر کئی حکومتی عہدیدار، رضاکار ٹیمیں، سکاؤٹس اور 700 سے زائد رضاکار موجود تھے۔
اس اقدام کا مقصد الباحہ سٹی اور اس کے علاقوں، واک ویز، پارکوں اور سڑکوں کے درمیان 20 ہزار سے زائد مقامی پودے لگانا ہے تاکہ ماحول پائیدار رہے اور معیار زندگی بہتر ہو۔
السواط نے کہا کہ اس اقدام میں 11 سے زائد حکومتی اور نجی ادارے حصہ لے رہے ہیں اور پودے لگانے کا یہ سلسلہ تمام گورنریٹس کے عوامی چوکوں اور پارکوں تک پھیلایا جائے گا۔
انہوں نے مختلف اداروں کی جانب سے کی گئی مربوط کوششوں اور میونسپلٹی کی قیادت میں رضاکارانہ ٹیموں کے جذبے کو سراہا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ الباحہ میونسپلٹی آبپاشی کے لیے جدید ترین طریقوں پر عمل کر رہی ہے جس سے میٹھے پانی کا استعمال کم کرنے، درختوں کی آبپاشی میں قابلِ استعمال پانی کا 85 فیصد سے زیادہ استعمال، سبز علاقے بڑھانے، اور سمارٹ آبپاشی کے ذریعے اخراجات کم کرنے میں مدد ملتی ہے۔
الباحہ میونسپلٹی نے گزشتہ جمعے کو توانائی کی بچت کے لیے آگاہی مہم فراہم کرنے کی غرض سے گرین آور منایا۔
ایک گھنٹے تک عمارتوں اور دیگر کئی علاقوں میں غیر ضروری بتیاں بند رکھی گئیں۔

یہ آئیڈیا جو گرین سعودی انیشیٹیو جیسے بڑے پروگرام کے ساتھ ہم آہنگ ہے، میونسپلٹی کی جانب سے شہری زندگی کے لیے کوششوں کی عکاسی کرتا ہے اور مملکت کے پائیدار مستقبل اور عوام کی زندگی کے معیار کو بہتر کرنے کے پروگرام کی حمایت کرتا ہے۔
ایس جی آئی ڈے ہر سال 27 مارچ کو منایا جاتا ہے جس کا مقصد پارکوں، باغات اور عوامی چوکوں میں درخت لگا کر ماحولیاتی پائیداری کو فروغ دینا ہے۔
