’زیرِ آب دھڑکتی زندگی‘: جزیرۂ زفاف ایک پُرسکون سیاحتی مقام
جزیرہ زفاف متنوع سمندری حیاتیاتی دنیا کے باعث منفرد قدرتی منظر پیش کرتا ہے (فوٹو: ایس پی اے)
جیسے جیسے بحیرۂ احمر کا فیروزی پانی لہراتا ہوا جزائرِ فرسان کے ساحلوں سے آ کر ٹکراتا ہے، ویسے ہی جزیرہ زفاف ایک دلکش داستان کی صورت ابھرتا ہے اور یوں لگتا ہے جیسے خود سمندر اپنی زبانی اس کی کہانی سنا رہا ہو۔
ایس پی اے کے مطابق، یہ جزیرہ اپنے فطری حسن اور دلکش جزئیات کے ساتھ یہاں آنے والوں کو محض ایک نظارہ نہیں بلکہ ایک ہمہ گیر تجربہ عطا کرتا ہے جہاں سکون، وسیع افق، اور سطح و زیرِ آب دھڑکتی زندگی اپنی پوری آب و تاب کے ساتھ جلوہ گر ہے۔
یہ جزیرہ زفاف فرسان کے بڑے جزیرے کے جنوب مغرب میں واقع ہے اور رقبے کے اعتبار سے درمیانے درجے کے جزیروں میں شمار ہوتا ہے جس کا پھیلاؤ تقریباً 31 کلومیٹر ہے۔
یہ جزیرہ اپنی مرجانی ساخت، نسبتاً ہموار زمینی خدوخال، کم گہرے ساحل اور شفاف پانی کے باعث ممتاز ہے جو اس خطے کے سمندری ماحول کی دلکشی کی عکاسی کرتے ہیں۔
جزیرہ زفاف اپنی متنوع سمندری حیاتیاتی دنیا کے باعث بحیرۂ احمر میں ایک منفرد قدرتی علاقہ ہے۔ یہاں موجود ماحولیاتی اور سیاحتی خصوصیات اسے فطرت سے محبت کرنے والوں اور مہم جوئی کے لیے ایک پرکشش اور امید افزا مقام بناتی ہیں۔

جزیرے پر مینگروو کے درختوں کے گھنے جنگلات ماحولیاتی توازن برقرار رکھنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
اس کے اطراف میں قدرتی آبی گزرگاہیں انتہائی خوبصورت منظر تخلیق کرتی ہیں جبکہ سمندر میں مختلف اقسام کی مچھلیوں کی بہتات ہے جو اسے غوطہ خوری اور دیگر بحری سرگرمیوں کے شوقین افراد کے لیے مثالی منزل بناتا ہے۔

جزیرہ زفاف ایک پرسکون سیاحتی مقام کے طور پر مشہور ہے جہاں تنہائی و پرسکون ماحول کا حسین امتزاج دیکھنے کو ملتا ہے۔ یہی خصوصیات اسے فرسان جزائر میں نمایاں کرتی ہیں۔
یہ جزیرہ جازان ریجن کے اہم سیاحتی مقامات میں شامل ہے۔ مملکت میں سیاحت کے فروغ کے اہداف کے تحت تیزی سے ابھرتی ہوئی منزل بن رہا ہے جو ویژن 2030 کے تحت قدرتی وسائل کے بہتر استعمال اور ماحولیاتی پائیداری کے فروغ کے عزم سے ہم آہنگ ہے۔
