Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جزائر فرسان ریزور محفوظ قدرتی مقامات کی ’گرین لسٹ میں شامل‘

یہ میرین ریزور 266 سے زیادہ مرجانی جزیروں پر مشتمل ہے (فوٹو: ایس پی اے)
انٹرنیشنل یونین فار کنزرویشن آف نیچر (آئی یو سی این) نے جزائر فرسان نیچر ریزور کو محفوظ قدرتی مقامات کی گرین لسٹ میں شامل کر دیا ہے۔
ایس پی اے کے مطابق ریزرو کو ان منتخب عالمی مقامات میں شامل کیا گیا ہے جو بین الاقوامی منظوری کے معیار پر پورا اترتے ہیں۔
یہ بین الاقوامی اعتراف ریزرو کی کامیابی کا نتیجہ ہے جس نے مضبوط نظم و نسق کے معیارات کو نافذ کیا اور بہترین سائنسی طریقوں پر مبنی منصوبہ بندی اور انتظامی حکمتِ عملی اپنائی۔
یہ اس بات کی بھی عکاسی کرتا ہے کہ ریزرو نے مقامی کمیونٹی کو تحفظ کے پروگراموں میں شامل کرنے کے لیے مؤثر کوششیں کی ہیں جس کے نتیجے میں قدرتی وسائل کی پائیداری میں اضافہ ہوا ہے اور علاقے کی ماحولیاتی و معاشی اہمیت کو فروغ ملا ہے۔
 نیشنل سینٹر فار وائلڈ لائف کے سی ای او ڈاکٹر محمد علی قربان کا کہنا ہے کہ ’یہ کامیابی سعودی قیادت کی جانب سے ماحولیاتی شعبے کو ملنے والی بھرپور حمایت کی عکاس ہے۔ اس سے مملکت کے سمندری اور زمینی ماحولیاتی نظام کے تحفظ کے عزم کا اظہار ہوتا ہے۔‘

اس اقدام کا مقصد 2030 تک سعودی عرب کے 30 فیصد زمینی و سمندری علاقوں کو محفوظ بنانا بھی ہے۔
خیال رہے 5657 مربع کلو میٹر تک پھیلا یہ میرین ریزور 266 سے زیادہ مرجانی جزیروں پر مشتمل ہے جہاں حیاتیاتی تنوع بہت زیادہ ہے۔
یہاں 180 اقسام کے پودے، 150 سے زائد قسموں کے پرندے، 230 اقسام کی مچھلیاں پائی جاتی ہیں جبکہ فرسانی ہرن، مینگروو جنگلات، سمندری کچھوؤں اور ڈوگونگ جیسے نایاب جانوروں کا بھی قدرتی مسکن ہے۔

گرین لسٹ میں شمولیت کے بعد جزائر فرسان ریزرو سعودی عرب کی اُن محفوظ پناہ گاہوں میں شامل ہو گیا ہے جو عالمی سطح پر پائیدار ماحولیاتی انتظام کی مثال ہیں جبکہ اس سے قبل اس ریزرو کو ’رامسر کنونشن‘ اور یونیسکو کے ’انسان اور حیاتیاتی‘  ایم ای بی پروگرام میں بھی شامل کیا جا چکا ہے۔

 

شیئر: