حج سیزن 2026: مکہ مکرمہ میں داخلے کے لیے آج سے پرمٹ لازمی
حج سیزن 2026 کی تیاریوں کے حوالے سے وزارت داخلہ نے اتوار 13 اپریل 2026 سے مکہ پرمٹ پر عملدر آمد کا آغاز کر دیا۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق وزارتِ داخلہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ’حج سیزن کے دوران مکہ مکرمہ میں داخلے کے لیے لازمی پرمٹ کے اجرا کا بھی شروع کردیا گیا ہے۔‘
وزارت نے ان افراد کو ہدایت کی، جن کے اقامہ مکہ مکرمہ شہر کے علاوہ ہیں اور وہ اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کے لیے مکہ یا مشاعرہ مقدسہ میں جاتے ہیں، انہیں چاہئے کہ وہ رواں حج سیزن کے لیے مکہ پرمٹ کے اجرا کے لیے ’ابشر‘ یا ’مقیم ‘ پلیٹ فارم پر درخواست جمع کرائیں، جس کا جائزہ لینے کے بعد ڈیجیٹل پرمٹ جاری کردیا جائے گا۔
وزارت نے پرمٹ کے لیے یونیفائیڈ پورٹل ’منصبہ تصریح‘ بھی لانچ کیا ہے، جس کے ذریعے مکہ و مشاعرمقدسہ پرمٹ جاری کیا جاتا ہے۔
وزارت کا کہنا تھا’ حج ویزہ ہولڈر کے علاوہ کسی کو بھی 18 اپریل 2026 سے مکہ مکرمہ میں داخل ہونے یا وہاں قیام کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ حج ویزا ہولڈر کے علاوہ دیگر وزٹ یا دیگر قسم کی عارضی ویزا رکھنے والے کا اس مدت کے بعد مکہ مکرمہ میں قیام غیرقانونی تصورہو گا۔‘
عمرہ ویزا ہولڈرز کے لیے وزارت کی جانب سے سختی سے ہدایت کی گئی ہے کہ وہ 18 اپریل 2026 تک اپنے ملکوں کو روانہ ہو جائیں۔
