Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

السعودیہ دوران پرواز مفت براڈ بینڈ انٹرنیٹ سروس فراہم کرے گی

نیو سپیس گروپ نے السعودیہ کے ساتھ شراکت داری کی ہے۔(فوٹو: عرب نیوز)
سعودی عرب کی قومی فضائی کمپنی السعودیہ اپنی پروازوں میں مفت براڈ بینڈ انٹرنیٹ سروس فراہم کرے گی۔
ایس پی اے کے مطابق سعودی پبلک انویسٹمنٹ فنڈ کے ذیلی ادارے نیو سپیس گروپ نے دوران پرواز انٹرنیٹ خدمات کی فراہمی کے لیے السعودیہ کے ساتھ شراکت داری کی ہے۔
السعودیہ کے طیاروں کو جدید کنیکٹیویٹی سلوشنز سے لیس کیا جائے گا جس سے تمام مسافروں کے لیے مفت تیز رفتار انٹرنیٹ تک رسائی ممکن ہو سکے گی۔
سعودی فضائی کمپنی مشرق وسطیٰ کی پہلی ایئرلائن بن جائے گی جو اپنی تمام پروازوں میں مفت براڈ بینڈ انٹرنیٹ فراہم کرے گی۔
بیان میں کہا گیا کہ یہ شراکت داری السعودیہ کی مہمان نوازی، انوینشن اور لاجواب سروس کی عکاسی کرتی ہے۔
السعودیہ کا کہنا ہے کہ ’ڈیجیٹل انفراسٹرکچر میں سرمایہ کاری ایک سٹریٹیجک ترجیح بنتی جا رہی ہے۔ یہ آپریشنز کو وسعت دینے کے ساتھ  بیڑے کو جدید بناتا ہے۔‘
السعودیہ کی جانب سے پروازوں میں ابتدائی طورپر 300 میگا بائیٹ فی سیکنڈ کی رفتار سے انٹرنیٹ سروس فراہم کی جائے گی جسے مستقبل میں 800 میگا بائیٹ تک بڑھا دیا جائے گا۔
مسافر براہ راست اور کسی دشواری کے بغیر اپنے پسندیدہ ٹی وی شوز دیکھ سکیں گے، علاوہ ازیں وڈیو لنک پر بھی بات کی جا سکے گی۔

 

شیئر: