شمالی کوریا کے رہنما کِم جونگ اُن کی نگرانی میں نیوی کروز میزائلوں کے تجربات
تجربات کے موقع پر کورین رہنما کِم جونگ اُن بھی بحریہ کے حکام کے ساتھ تھے (فوٹو: اے پی)
شمالی کوریا کے سرکاری میڈیا نے منگل کو کہا ہے کہ ملک کے رہنما کِم جونگ اُن نے بحری جہاز سے داغے جانے والے سٹریٹیجک کروز میزائلز اور طیارہ شکن میزائلوں کے نئے تجربات کی نگرانی کی۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق کوریا کی سینٹرل نیوز ایجنسی (سی این اے) کا کہنا ہے کہ یہ تجربات اتوار کو ہوئے اور یہ اسی سلسلے کی کڑی ہے جو حالیہ کچھ عرصے میں کیے گئے۔
کے سی این اے کا کہنا ہے کہ تجربات کے دوران دو سٹریٹیجک کروز میزائلوں نے سات ہزار 900 سیکنڈ یا دو گھنٹے سے زیادہ تک پرواز کی جبکہ جنگی جہاز شکن میزائل نے تقریباً دو ہزار سیکنڈ یعنی 33 منٹ تک پرواز کی۔
کورین نیوز ایجنسی کا یہ بھی کہنا ہے کہ میزائل نے کوریا کے مغربی سمندر کے اوپر سے پرواز کرتے ہوئے درستی کے ساتھ اپنے اہداف کو نشانہ بنایا۔
یہ تجربات چوئے ہایون نام کے بحری جہاز سے کیے گئے جو کہ شمالی کوریا کے اہم سمندری ہتھیاروں میں سے ایک ہے اور پانچ ہزار ٹن سے زائد وزن رکھنے والا دوسرے جنگی ساز و سامان سے بھی لیس ہے۔
رپورٹ کے مطابق کِم جونگ اُن ملک کی بحری صلاحیتوں کو بڑھانے کے حوالے سے کوششیں کر رہے ہیں۔
نیوز ایجنسی کی جانب سے جاری کی گئی تصویر میں جہاز سے لانچ کیے گئے میزائل کی ابتدائی پرواز نظر آ رہی ہے اور اس کی دم پر نارنجی رنگ کی روشنی بھی دکھائی دیتی ہے۔
اسی طرح ایک اور تصویر میں دکھایا گیا ہے کہ کِم جونگ اُن دور سے ٹیسٹ فائر کو دیکھ رہے ہیں جبکہ بحریہ کے اہلکار بھی ان کے ساتھ موجود ہیں۔
رپورٹ کے مطابق کِم جونگ اُن کو منگل کے روز تباہ کن ہتھیاروں کے حوالے سے دوسرے منصوبوں کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی جس کو انہوں نے ایک اقدام قرار دیا۔
کِم جونگ اُن نے فوج کی تیاری اور سٹریٹیجک مضبوطی پر اطمینان کا اظہار کیا۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ شمالی کوریا کے جوہری پروگرام کو آگے بڑھانا ’سب سے اہم اور ترجیحی‘ کام ہے۔