کم جونگ اُن کی کمسن بیٹی کی ٹینک ڈرائیونگ، نئی تصاویر سب کی توجہ کا مرکز
چند روز قتل کم جونگ اُن کی بیٹی نے ہتھیار چلانے کی مشق بھی کی تھی (ٖفوٹو: اے پی)
شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اُن کی نوعمر بیٹی نے اپنے والد کی موجودگی میں فوجی ٹینک چلایا جس کی تصاویر سرکاری خبر رساں ایجنسی کے سی این اے نے جمعے کے روز جاری کی ہیں۔
تجزیہ کاروں کے مطابق یہ پیش رفت اس امکان کی نشاندہی کرتی ہے کہ انہیں مستقبل کی قیادت کے لیے تیار کیا جا رہا ہے۔
کم جونگ اُن کی بیٹی ’جو اے‘ کے نام سے جانی جاتی ہیں اور ان کی عمر تقریباً 13 برس بتائی جاتی ہے۔ وہ حالیہ مہینوں میں اپنے والد کے ہمراہ عوامی تقریبات میں زیادہ تواتر سے نظر آ رہی ہیں۔
تازہ تصاویر میں انہیں ڈرائیور ہیچ سے باہر دیکھتے ہوئے دکھایا گیا ہے، ان کے چہرے پر گہری یکسوئی کے آثار نمایاں ہیں جبکہ ہوا سے بال اُڑ رہے ہیں۔ اس موقع پر ان کے مسکراتے ہوئے والد ٹینک کے ٹرٹ (برج) سے ٹیک لگائے کھڑے ہیں جبکہ تین وردی پوش فوجی افسران ٹینک کے ڈھانچے پر موجود ہیں۔
اس سے قبل رواں ماہ انہیں فائرنگ رینج میں رائفل کا نشانہ لیتے دیکھا گیا تھا جبکہ ایک اور موقع پر وہ پستول سے فائرنگ کرتے ہوئے بھی تصاویر میں نظر آئیں۔
شمالی کوریا کی جانب سے اب تک ان کے نام یا عمر کی کوئی باضابطہ تصدیق نہیں کی گئی۔
جمعرات کو کم جونگ اُن نے نئے طرز کے ایک ٹینک کی مشقوں کی نگرانی کی جس کے بارے میں کے سی این اے کی رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا کہ وہ ڈرونز اور اینٹی ٹینک میزائلوں کے خلاف بہتر دفاعی اور جارحانہ صلاحیتوں کا حامل ہے۔
کم جونگ اُن حالیہ برسوں میں ملک کے روایتی ہتھیاروں کو جدید بنانے کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں، جس میں ٹیکٹیکل میزائلوں کی تیاری کے ساتھ ساتھ طویل فاصلے تک مار کرنے والے بیلسٹک میزائلوں اور جوہری ہتھیاروں پر مشتمل اسٹریٹجک ہتھیاروں کا ذخیرہ بھی شامل ہے۔
