سعودی عرب کی اسلام آباد میں چار ملکی مشاورتی اجلاس میں شرکت
اعلی سفارتکاروں نے پاکستان کے وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے بھی ملاقات کی۔( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی وزارت خارجہ میں پالیسی پلاننگ جنرل ڈیپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر جنرل شہزادہ ڈاکٹر عبداللہ بن خالد بن سعود الکبیر نے اسلام آباد میں سعودی عرب، مصر، پاکستان اور ترکیہ کے سینیئر سفارتی حکام کے پہلے مشاورتی اجلاس میں شرکت کی ہے۔
پاکستانی دفتر خارجہ کے مطابق اجلاس میں قریبی تعلقات،علاقائی و عالمی امور پر ہم آہنگی پر زور دیا گیا۔
وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے چاروں ممالک کے درمیان تعاون کا فریم ورک تشکیل دینے کی تجویز دی۔
انہوں نے چاروں برادر ملکوں کے درمیان قریبی، برادرانہ تعلقات اور اہم علاقائی و عالمی امور پر خیالات کے اشتراک کو سراہا۔
ایس پی اے کے مطابق اجلاس کے بعد چاروں ملکوں کے اعلی سفارتکاروں نے پاکستان کے نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے ملاقات کی۔
ملاقات میں خطے کی صورتحال، علاقائی سلامتی اور استحکام کے لیے مشترکہ تعاون بڑھانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اسحاق ڈار سے ملاقات کرنے والوں میں سعودی وزارت خارجہ کے عہدیدار کے علاوہ ترکیہ کے نائب وزیرِ خارجہ سفیر موسیٰ کولاکلی کایا ، مصر کے اسسٹنٹ وزیرِ خارجہ سفیر ناظح النگاری شامل تھے۔
