وزیرِاعظم شہباز شریف دورۂ سعودی عرب پر جدہ پہنچ گئے
وزیراعظم شہباز شریف اعلیٰ سطح کے وفد کے ساتھ سرکاری دورے پر سعودی عرب پہنچ گئے ہیں۔
پاکستانی وزیر اعظم، سعودی عرب، قطر اور ترکیہ کے چار روزہ تیز رفتار سفارتی دورے کے پہلے مرحلے میں جدہ پہنچے ہیں۔
بدھ کو وزیراعظم ہاؤس سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق جدہ پہنچنے پر نائب گورنر مکہ ریجن، شہزادہ سعود بن مشعل بن عبدالعزیز، پاکستان میں سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی اور مملکت میں پاکستانی سفیر احمد فاروق نے پُرتپاک استقبال کیا۔
جدہ میں وزیرِ اعظم کی سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے دو طرفہ ملاقات ہوگی.
ملاقات میں پاکستان اور سعودی عرب کے مابین دو طرفہ تعلقات کے مزید فروغ اور خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال ہوگا.
نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ، وزیر اعظم کے معاون خصوصی سید طارق فاطمی اور وزیرِ اعظم کے ترجمان برائے غیر ملکی میڈیا وزیرِ اعظم کے ہمراہ ہیں.
اس سے قبل بیان میں کہا گیا تھا کہ وزیر اعظم 15 سے 18 اپریل تک مملکت سعودی عرب، ریاست قطر اور ترکیہ کا سرکاری دورہ کریں گے۔

سعودی عرب و قطر کے دو طرفہ دوروں میں وزیراعظم شہباز شریف دونوں ممالک کی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے جس میں جاری دو طرفہ تعاون کے ساتھ ساتھ علاقائی امن و سلامتی پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
وزیر اعظم پانچویں انطالیہ ڈپلومیسی فورم میں شرکت کے لیے ترکیہ کا بھی دورہ کریں گے۔