سعودی کابینہ: ایرانی حملوں کے خلاف ملکی دفاع میں مسلح افواج کے بہادرانہ کردار کی ستائش
کابینہ کا اجلاس ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی زیر صدارت جدہ میں ہوا( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی کابینہ نے ایرانی حملوں کے خلاف ملکی دفاع اور خطے کو درپیش سنگین خطرات سے بچانے میں مسلح افواج کے دلیرانہ کردار کو سراہا ہے۔
سعودی خبررساں ایجنسی (ایس پی اے ) کے مطابق ولی عہد و وزیر اعظم شہزادہ محمد بن سلمان کی زیر صدارت منگل کو جدہ میں ہونے والے اجلاس میں مختلف امور زیر بحث آئے۔
کابینہ نے حملوں سے متاثر ہونے والی توانائی کی متعدد تنصیبات میں پیداوار بحال کرنے کے لیے عملی اور تکنیکی کوششوں کی کامیابی کی تعریف کی۔
تنصیبات کی تیزی سے بحالی بحران سے نمنٹے کی صلاحیتوں کی عکاسی کرتی ہے جو مقامی اور عالمی مارکیٹ میں توانائی کی فراہمی کے تسلسل اور اعتبار کو بڑھاتی ہے اورعالمی معیشت کو سہارا دیتی ہے۔
کابینہ نے ریاستی خود مختاری کی خلاف ورزی اور خطے میں امن و استحکام کو خطرے میں ڈالنے کی کسی بھی کوشش کو سختی سے مسترد کیا۔
مملکت اور خلیجی ملکوں کے خلاف عراق کی سرزمین سے شروع کیے جانے والے ڈرون حملوں کی مذمت کا اعادہ کیا گیا۔
کابینہ نے عراقی حکومت پر زور دیا کہ وہ ان خطرات کے حوالے سے ذمہ داری کا مظاہرہ کرے۔
وزیر اطلاعات نے اجلاس کی کارروائی کے حوالے سے بتایا کہ اراکین کابینہ نے مختلف شعبوں میں مملکت کی مسلسل کامیابیوں کا جائزہ لیا۔
مدینہ منورہ میں ہونے والے عمرہ وزیارت فورم کے نتائج کو سراہا گیا، جس میں متعدد معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے۔
اجلاس نےخلائی تحقیق کے میدان میں کامیابی کا ذکر کیا، شمس سیٹلائٹ کو کامیابی سے لانچ کیا گیا۔ یہ کامیابی سائنسی جدت اور تخلیقی صلاحیتوں کے فروغ اور اس شعبے میں بین الاقوامی شراکت داری کو مضبوط بنانے میں مدد دے گی۔
تعلیم اور صحت کے شعبوں میں کامیابیوں کو بھی سراہا گیا۔ سعودی عرب کے آٹھ شہروں کو سال 2026 میں سمارٹ سٹیز انڈیکس میں نمایاں پوزیشن حاصل کیے جانے کی بھی تعریف کی گئی۔
کابینہ نے مختلف امور کے فیصلے بھی صادر کیے،سعودی وزارت خارجہ اور لکسمبرگ کی وزارت خارجہ، یورپی امور، دفاع ، ترقیاتی تعاون اور خارجی تجارت کے درمیان سیاسی مشاورت اور دیگر ملکوں کے ساتھ بھی مختلف امور میں مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کرنے کی منظوری دی گئی۔
