فیفا کے صدر کا جلد پاکستان کے دورے کا اعلان، فٹ بال کے فروغ کا عزم
فیفا کے صدر جیانی انفانٹینو نے اعلان کیا ہے کہ وہ ’جلد‘ پاکستان کا دورہ کریں گے اور ملک میں فٹ بال کی ترقی کو فروغ دینے کے لیے اقدامات کریں گے۔
جمعرات کو سوئٹزرلینڈ کے شہر ڈیووس میں ورلڈ اکنامک فورم کے 56ویں سالانہ اجلاس کے موقع پرعالمی فٹ بال تنظیم فیفا کے صدر جیانی انفانٹینو نے پاکستان کے سرکاری ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’حقیقت میں میں بہت جلد پاکستان آؤں گا۔‘
انہوں نے کہا ’میں نے وزیرِ اعظم (شہباز شریف) سے وعدہ کیا ہے۔ کیونکہ اب پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے نئے صدر شاندار کام کر رہے ہیں۔‘
فیفا کے صدر نے پاکستان کو فٹ بال کا ’عظیم ملک‘ قرار دیتے ہوئے کہا، ’ہمیں پاکستان کو یقینی طور پر ایشیا کے سرفہرست ممالک میں شامل کرنا ہے۔ ہم اس پر کام کر رہے ہیں۔‘
پاکستان اور فیفا کے تعلقات وقت کے ساتھ مضبوط اور مستحکم نظر آ رہے ہیں۔ واضح رہے کہ عالمی تنظیم نے گزشتہ ماہ پاکستان کی رکنِ قومی اسمبلی سیدہ آمنہ بتول کو اپنی انسٹی ٹیوشنل ریفارمز کمیٹی کا رکن مقرر کیا تھا۔
اسی سلسلے میں فیفا کے سینئر نائب صدر شیخ سلمان بن ابراہیم آل خلیفہ نے نومبر 2025 میں پاکستان کا تین روزہ دورہ کیا تھا جہاں انہوں پاکستان میں فٹ بال حکام اور حکومتی عہدیداروں سے ملاقاتیں کیں اور فٹ بال انفراسٹرکچر کی ترقی پر تبادلہ خیال کیا۔
پاکستان میں فٹ بال ہمیشہ نوجوانوں میں مقبول رہا ہے تاہم حالیہ برسوں میں اس کھیل میں نچلی سطح پر شرکت میں نمایاں اضافہ دیکھنے کو ملا ہے، جس کی وجہ بین الاقوامی لیگوں میں بڑھتی دلچسپی ہے۔
ملک کے بڑے شہروں میں سکولوں کے مقابلے، مقامی ٹورنامنٹس اور کمیونٹی کلبز نے اس کھیل کے لیے جوش و جذبہ مزید بڑھایا ہے۔
تاہم دیگر کھیلوں کی طرح، فٹ بال بھی کرکٹ کے سائے میں موجود ہے جو کئی دہائیوں سے پاکستان کا سب سے مقبول اور مالی طور پر منافع بخش کھیل بنا ہوا ہے۔
