جدہ پورٹ پر 29 کلو گرام کوکین سمگل کرنے کی کوشش ناکام
منشیات کنٹینر کے کولنگ سسٹم میں چھپائی گئی تھیں(فوٹو، ایکس اکاونٹ)
کسٹم اتھارٹی نے جدہ پورٹ پر بڑی مقدار میں نشہ آور پاوڈر کوکین سمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی۔ منشیات کنٹینر کے ایئرکنڈیشنگ سسٹم میں چھپائی گئی تھی۔
عاجل نیوز کے مطابق کسٹم ، زکوہ اور ٹیکس اتھارٹی ’زاتکا‘ کے ترجمان حمود الحربی کا کہنا ہے کہ کسٹم کی ٹیموں نے بیرون ملک سے آنے والی ایک شپمنٹ کا معائنہ کیا جس پر شک تھا کہ اس میں ممنوعہ اشیا ہو سکتی ہیں۔
اہلکاروں نے روایتی طریقوں کے ساتھ جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے انتہائی مہارت سے چھپائی گئی منشیات برآمد کرلی جو کنٹینر کے ایئرکنڈیشنگ یونٹ کے سسٹم میں چھپائی گئی تھی۔
الحربی کا مزید کہنا تھا کہ برآمد ہونے والے نشہ آور پاوڈر کوکین کا وزن 29.1 کلو گرام تھا جسے محتلف پیکٹس کی صورت میں چھپایا گیا تھا۔
کسٹم کے ترجمان الحربی کا مزید کہنا تھا کہ مملکت کے تمام بری ، بحری اور فضائی چیک پوسٹوں پر کسٹم کی ٹیمیں ہمہ وقت مستعد رہتی ہیں تاکہ کسی بھی قسم کی منشیات سمگل کرنے کی کوششوں کو ناکام بنایا جائے۔