Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مدینہ ایئرپورٹ پر مسافر کے سامان سے 3 کلو سے زائد کوکین برآمد

منشیات سمگلنگ کے الزام میں 4 افراد کو حراست میں لیا گیا(فوٹو، ایکس اکاونٹ کسٹم)
 سعودی کسٹم اینڈ ٹیکس اتھارٹی نے دو الگ الگ کارروائیوں میں کوکین اور نشہ آور گولیاں سمگل کرنے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے چار افراد کو گرفتار کرلیا۔
اخبار 24 کے مطابق محکمہ کسٹم ، ٹیکس اور زکوۃ اتھارٹی کے ترجمان حمود الحربی نے بتایا کہ مدینہ منورہ کے شہزادہ محمد بن عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر آنے والے ایک مسافر کے سامان کی تلاشی لی گئی جس کے بیگ کی نچلی جانب خطرناک نشہ آور پاوڈر کوکین کو چھپایا گیا تھا۔
الحربی کا مزید کہنا تھا کہ برآمد ہونے والی کوکین 3.8 کلو گرام تھی۔ کسٹم اہلکاروں نے کیس محکمہ انسداد منشیات کے سپرد کردیا ۔
ترجمان محکمہ کسٹم الحربی نے مزید بتایا کہ منشیات اسمگلنگ کی دوسری کارروائی ضباء کی بندرگاہ پر ناکام بنائی گئی جہاں بیرون مملکت سےآنے والی لکڑی کے دروازوں کی  شپمنٹ کی جانچ کی گئی تو اس کے اندر چھپائی گئی نشہ آورگولیاں برآمد ہوئیں۔

نشہ آور گولیاں لکڑی کے دروازوں میں چھپائی گئی تھیں(فوٹو، ایکس اکاونٹ کسٹم )

الحربی کا کہنا تھا کہ لکڑی کے دروازوں میں چھپا کراسمگل کی جانے والی نشہ آورگولیوں کی تعداد 52 ہزار 352 تھی جنہیں انتہائی مہارت سے چھپایا گیا تھا تاہم کسٹم اہلکاروں کی تجربہ کار نگاہوں سے وہ چھپ نہ سکیں۔
محکمہ کسٹم نے ملزمان کی گرفتاری کے لیے کیس انسداد منشیات ادارے کے سپرد کردیا جنہوں نے شپمنٹ وصول کرنے کے لیے آنے والے 4 افراد کو حراست میں لے لیا ان سے مزید تحقیقات جاری ہیں۔

شیئر: