سعودی عرب کی مدد سے لبنانی حکام نے’ نارکو لیب‘ اور منشیات قبضے میں لی
جمعرات 29 جنوری 2026 19:33
ایمفیٹامین، حشیش، ممنوعہ طبی گولیاں اور کیمیکل کو قبضے میں لیا گیا ( فوٹو: ایکس اکاونٹ)
لبنانی حکام نے سعودی وزارت داخلہ کی فراہم کردہ انٹیلی جنس پر ایک ’نارکو لیب‘ کا سراغ لگا کر اسے قبضے میں لیا ہے۔
حکام نے جن اشیا کو قبضے میں لیا ان میں ایمفیٹامین، میتھ ایمفیٹامین( شبو)، چار ہزار 600 کلو گرام حشیش، ممنوعہ طبی گولیاں، منشیات کی تیاری میں استعمال ہونے والا کیمیکل اور ہتھیار شامل ہیں۔
ایس پی اے کےمطابق نارکو لیب کو منشیات اور اس سے پہلے ہتھیاروں کی تیاری کے لیے استعمال کیا جا رہا تھا۔
سعودی وزارت داخلہ نے بیان میں کہا ’یہ کامیابی منشیات کی سمگلنگ میں ملوث کریمنل نیٹ ورک کی نگرانی کا نتیجہ ہے، وزارت داخلہ نے جنرل ڈائریکٹوریٹ آف نارکوٹکس کنٹرول کے ذریعے لبنانی حکام کو معلومات فراہم کیں جس کی بنیاد پر کارروائی کی گئی۔‘
بیان میں مملکت کی سلامتی اور نوجوانوں کے لیے خطرہ بننے والی مجرمانہ سرگرمیوں کا مقابلہ کرنے، انہیں ناکام بنانے اور ملوث افراد کو پکڑنے کے لیے کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
