Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بدھ تک معاہدہ نہ ہوا تو ایران کے ساتھ جنگ بندی ختم ہو سکتی ہے: ڈونلڈ ٹرمپ

ایک مختصر ٹیلی فون انٹرویو میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ’ہم معاہدے کے بہت قریب ہیں۔‘ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ اگر بدھ تک جنگ کے خاتمے کے لیے طویل مدتی معاہدہ طے نہ پایا تو وہ ایران کے ساتھ موجودہ جنگ بندی کو ختم کر سکتے ہیں۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق جمعے کو ایریزونا کے شہر فینکس سے واشنگٹن واپسی پر ’ایئر فورس ون‘ میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ’ہو سکتا ہے کہ میں اسے (جنگ بندی کو) نہ بڑھاؤں لیکن (ایرانی بندرگاہوں پر) ناکہ بندی برقرار رہے گی۔‘
انہوں نے مزید کہا ’لہٰذا ناکہ بندی موجود رہے گی اور بدقسمتی سے ہمیں دوبارہ بمباری شروع کرنا پڑے گی۔‘
تاہم اسی دوران انہوں نے اپنے ساتھ سفر کرنے والے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انہیں امید ہے کہ ’معاہدہ ہو جائے گا۔‘
ڈونلڈ ٹرمپ نے صحافیوں کو بتایا کہ ’ہمیں 20 منٹ پہلے کچھ بہت اچھی خبر ملی ہے اور ایسا لگتا ہے کہ مشرقِ وسطیٰ میں ایران کے حوالے سے معاملات بہتری کی جانب گامزن ہیں۔‘
جب ان سے پوچھا گیا کہ وہ ’اچھی خبر‘ کیا ہے تو ڈونلڈ ٹرمپ نے جواب دیا’آپ کو جلد معلوم ہو جائے گا۔ مجھے لگتا ہے کہ یہ ایک ایسی چیز ہے جو ہونی چاہیے، یہ صرف تبھی منطقی ہے کہ ایسا ہو اور مجھے یقین ہے کہ ایسا ہوگا۔ ہم دیکھیں گے کہ کیا ہوتا ہے، لیکن مجھے لگتا ہے کہ یہ ہو جائے گا۔‘
صدرڈدونلڈ ٹرمپ نے اے ایف پی کو بتایا کہ ایران کے ساتھ امن معاہدے میں اب کوئی ’رکاوٹ‘ باقی نہیں رہی اور یہ کہ معاہدہ ’بہت قریب‘ ہے۔
ایک مختصر ٹیلی فون انٹرویو میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ’ہم معاہدے کے بہت قریب ہیں۔‘
جب ان سے غیر حل شدہ مسائل کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے کہا ’کوئی رکاوٹ باقی نہیں ہے۔‘

شیئر: