پی آئی اے کا 55 ہزار سے زائد عازمین کے لیے قبل از حج آپریشن، پہلی پرواز اتوار کو
قومی ایئر لائن کا یہ قبل از حج آپریشن 21 مئی کو اپنے اختتام کو پہنچے گا (ٖفائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کی قومی ایئر لائن پی آئی اے نے رواں برس کے قبل از حج آپریشن کے لیے حتمی تیاریاں مکمل کر لی ہیں اور اب آپریشنز کا باقاعدہ آغاز 19 اپریل سے ہو رہا ہے۔
پی آئی اے کے ترجمان کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق رواں برس 191 پروازوں کے ذریعے 55 ہزار سے زائد عازمینِ حج کو حجازِ مقدس پہنچایا جائے گا۔
اس مجموعی تعداد میں سرکاری حج سکیم کے تحت 49 ہزار جبکہ پرائیویٹ حج گروپس کے تحت 6 ہزار سے زائد عازمین شامل ہیں۔
قبل از حج آپریشن کے دوران ملک کے سات بڑے شہروں بشمول اسلام آباد، کراچی، لاہور، ملتان، فیصل آباد، سیالکوٹ اور کوئٹہ سے سعودی عرب کے لیے براہِ راست پروازیں چلائی جائیں گی۔
اسلام آباد سے 46 پروازوں کے ذریعے 15400 سے زائد، کراچی سے 55 پروازوں کے ذریعے 15000 سے زائد جبکہ لاہور سے 34 پروازوں کے ذریعے 12377 عازمین کو سعودی عرب پہنچایا جائے گا۔
اسی طرح ملتان سے 13 پروازوں کے ذریعے 5383، فیصل آباد سے 23 پروازوں کے ذریعے 3680، کوئٹہ سے 15 پروازوں کے ذریعے 4487 اور سیالکوٹ سے 5 پروازوں کے ذریعے 2075 عازمین حج سفر کریں گے۔
آپریشن کی پہلی پرواز پی کے 747 مورخہ 19 اپریل کو رات 01:55 بجے 390 سے زائد عازمین کو لے کر سیالکوٹ سے مدینہ منورہ کے لیے روانہ ہو گی۔
اسی دن فیصل آباد سے بھی پرواز پی کے 4003 دن کے 11:05 بجے 150 سے زائد عازمین کو لے کر مدینہ منورہ روانہ ہو گی۔
دیگر شہروں سے پروازوں کا سلسلہ اگلے چند دنوں میں شروع ہو جائے گا جن میں ملتان سے پہلی حج پرواز 20 اپریل کو صبح 06:35 بجے، اسلام آباد اور کوئٹہ سے 21 اپریل کو، کراچی سے 23 اپریل کو جبکہ لاہور سے 24 اپریل کی رات کو روانہ کی جائے گی۔
حجاج کی سہولت اور رہنمائی کے لیے پاکستان اور سعودی عرب کے ایئرپورٹس کے ساتھ ساتھ ایئر لائن کے دفاتر میں خصوصی ٹیمیں تعینات کی گئی ہیں۔
پی آئی اے کے سی ای او نے تمام متعلقہ عملے کو سخت ہدایات جاری کی ہیں کہ حجاج کی خدمت کے دوران کسی بھی قسم کی کوتاہی نہ برتی جائے اور انہیں ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں۔
قومی ایئر لائن کا یہ قبل از حج آپریشن 21 مئی کو اپنے اختتام کو پہنچے گا۔
