حج سیزن 2026 کا آغاز: پہلی پرواز آج پاکستان سے مدینہ منورہ پہنچے گی
حج سیزن 2026 کا آغاز: پہلی پرواز آج پاکستان سے مدینہ منورہ پہنچے گی
جمعہ 17 اپریل 2026 20:43
ایئرپورٹ پر عازمین کے استقبال کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں (فوٹو: ایکس اکاؤنٹ)
حج سیزن 2026 کا باقاعدہ آغاز ہو گیا ہے۔ پاکستان سے پہلی حج پرواز آج 18 اپریل کو مدینہ منورہ کے شہزادہ محمد بن عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پہنچے گی۔
عکاظ اخبار کے مطابق مکہ روٹ انیشیٹیو کے تحت پاکستان سے آنے والی پہلی حج پرواز سنیچر کو صبح سویرے 4 بج کر 45 منٹ پر پہنچے گی۔
پاکستان کے بعد دوسری حج پرواز ترکیہ سے مدینہ منورہ کے شہزادہ محمد بن عبدالعزیزانٹرنیشنل ایئرپورٹ پر صبح 6 بج کر 20 منٹ پر پہنچے گی۔ جس کے ساتھ ہی یومیہ بنیادوں پر دنیا بھر سے عازمین کی آمد کا سلسلہ شروع ہو جائے گا جو حج ایام سے چند دن قبل تک جاری رہے گا۔
ایئرپورٹ انتظامیہ اور حج خدمات فراہم کرنے والے اداروں کی جانب سے عازمین حج کے استقبال کے لیے تمام ترتیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔
دریں اثنا وزارت حج کا کہنا ہے کہ مدینہ منورہ میں زونل ٹیموں کو فعال کردیا گیا ہے جو عازمین کی رہائشی عمارتوں اور فراہم کی جانے والی دیگرخدمات کا جائزہ لیتی ہیں۔
مدینہ منورہ آنے والے عازمین 8 روز قیام کرنے کے بعد مکہ مکرمہ جائیں گے (فوٹوـ ایس پی اے)
خیال رہے بیرون مملکت سے آنے والے عازمین حج جو براہ راست مدینہ منورہ پہنچتے ہیں وہ آٹھ دن شہر نبی میں قیام کرنے کے بعد مکہ مکرمہ آتے ہیں۔
براہ راست مدینہ منورہ پہنچنے والے عازمین فریضہ حج کی ادائیگی کے بعد جدہ کے حج ٹرمنل سے اپنے وطن واپس جاتے ہیں جبکہ حج کے بعد مدینہ منورہ آنے والے حجاج کی واپسی جدہ سے نہیں بلکہ مدینہ منورہ سے ہوتی ہے۔