Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وزیراعظم شہباز شریف سعودی عرب، قطر اور ترکیہ کا دورہ مکمل کر کے وطن روانہ

وزیراعظم محمد شہباز شریف اپنا سہ ملکی دورہ مکمل کرنے کے بعد واپس پاکستان روانہ ہو گئے ہیں۔
حکومت پاکستان کے آفیشل پیج پر سنیچر کو جاری کیے گئے بیان میں بتایا گیا ہے کہ تین روزہ دورے کے دوران شہباز شریف نے سعودی عرب، قطر اور ترکیہ کے دورے کیے اور ترکیہ کے شہر انطالیہ سے واپس پاکستان کے لیے روانہ ہوئے۔
ان کو انطالیہ ایئرپورٹ پر ترکیہ کی وزارت خارجہ کے حکام نے الوداع کیا۔
وزیراعظم کا یہ تین روزہ دورہ سعودی عرب، قطر اور ترکیہ پر مشتمل  تھا جس کے دوران انہوں نے برادر ممالک کی قیادت سے ملاقات کے علاوہ انطالیہ ڈپلومیسی فورم میں بھی شرکت کی جہاں دیگر ممالک سے آنے والے عالمی رہنماؤں سے بھی ان کی ملاقاتیں ہوئیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے دوروں کے دوران برادر ممالک کے ساتھ تعلقات کی مضبوطی، خطے میں امن کے قیام کے لیے پاکستان کی کوششوں کے علاوہ عالمی اور خطے کی صورت حال پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

وزیراعظم نے دوحہ میں امیر قطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی سے بھی ملاقات کی (فوٹو: پی ایم آفس)

پاکستان کے وفد میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹ محمد اسحاق ڈار، وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ، معاون خصوصی سید طارق فاطمی اور وزیراعظم کے ترجمان برائے غیر ملکی میڈیا مشرف زیدی شامل تھے۔
روانگی کے وقت وزیراعظم شہباز شریف اور نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار نے ایکس پر پوسٹس کیں۔

شہباز شریف نے لکھا کہ ’انطالیہ کے خوبصورت شہر سے روانہ ہوتے ہوئے میں اپنے بھائی رجب طیب اردوغان کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں جنہوں نے غیرمعمولی گرمجوشی سے استقبال کیا اور پرخلوص مہمان نوازی سے نوازا، میں دونوں ممالک کے درمیان بھائی چارے کے بندھن کو مزید مضبوط کرنے اور خطے میں دیرپا امن و استحکام کے لیے بات چیت اور سفارت کاری کو آگے بڑھانے کے لیے تعاون جاری رکھنے اور تجدید عہد کے ساتھ روانہ ہو رہا ہوں۔‘
 اسی طرح محمد اسحاق ڈار نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ ’شہباز شریف کے ساتھ ہم نے نتیجہ خیز مصروفیات کا آخری مرحلہ ابھی مکمل کیا ہے۔ انہوں نے سعودی عرب، قطر اور ترکیہ کو بہترین انتظامات پر خراج تحسین بھی پیش کیا۔

 

شیئر: