Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انطالیہ میں وزیراعظم شہباز شریف کی ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوغان سے ملاقات

وزیراعظم شہباز شریف نے جمعے کو انطالیہ میں ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوغان سے ملاقات کی ہے۔
وزیراعظم ہاؤس کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات خصوصاً مشرق وسطیٰ کی صورت حال پر بات چیت کی۔
وزیراعظم نے ایران اور امریکہ کے درمیان جنگ بندی میں توسیع اور قیام امن کے لیے پاکستان کی کوششوں پر صدر اردوغان کو آگاہ کیا۔
صدر رجب طیب اردوغان نے وزیراعظم شہباز شریف کی قیام امن کی کوششوں کی تعریف کی اور کہا کہ ترکیہ پاکستان کے سفارتی اقدامات کی مکمل حمایت کرتا ہے۔
شہباز شریف نے پاکستان کی سفارتی کوششوں کے لیے ترکیہ کی مضبوط حمایت پر رجب طیب اردوغان کا شکریہ ادا کیا۔ 
وزیراعظم شہباز شریف نے انطالیہ میں کامیاب سفارت کاری فورم کے انعقاد پر ترکیہ کے صدر کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ ’سفارت کاری فورم ایک کامیاب عالمی تقریب میں تبدیل ہو چکا ہے۔‘
دونوں رہنماؤں نے باہمی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے، برادرانہ روابط کو فروغ دینے اور امن و خوش حالی کے مشترکہ وژن کو آگے بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
ملاقات میں پاکستان کے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وفاقی وزیر اطلاعات عطاء تارڑ، وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی، ترکیہ کے وزیر خارجہ حاکان فیدان اور دیگر اعلٰی حکام بھی اس موقعے پر موجود تھے۔ 
پاکستانی وزیراعظم اور ترکیہ کے صدر نے اس بات پر اتفاق کیا کہ ’موجودہ موقعے سے فائدہ اٹھاتے ہوئے دیرپا اور مستحکم علاقائی امن کے لیے پیش رفت کی جائے۔‘ 
دونوں رہنماؤں نے جاری منصوبوں پر عمل درآمد تیز کرنے اور اقتصادی تعاون کو مزید فروغ دینے کے لیے نئی راہیں تلاش کرنے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔
ملاقات میں رواں برس کے آخر میں انقرہ میں آٹھویں اعلٰی سطحی تزویراتی تعاون کونسل کا اجلاس منعقد کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

 

شیئر: