وزیراعظم شہباز شریف کا دورہ قطر، دوحہ میں امیر قطر سے ملاقات
جمعرات 16 اپریل 2026 12:10
پاکستان کے وزیرِ اعظم شہباز شریف نے قطر اور دیگر خلیجی ممالک پر ہونے والے حملوں کی مذمت کرتے ہوئے قطر کی قیادت اور عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔
جمعرات کو دوحہ میں شیخ تمیم بن حمد آل ثانی سے ملاقات کے بعد جاری بیان کے مطابق دونوں رہنماؤں نے خطے کی صورتحال، بالخصوص مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی پر تبادلۂ خیال کیا اور جنگ بندی و قیامِ امن کی کوششوں کی اہمیت پر زور دیا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ دونوں رہنماؤں نے توانائی کی ترسیل کو بلا تعطل جاری رکھنے کی ضرورت پر بھی اتفاق کیا، جو عالمی معیشت کے لیے اہم سمجھی جاتی ہے۔
ملاقات میں دوطرفہ تعلقات کا بھی جائزہ لیا گیا اور اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ پاکستان اور قطر سکیورٹی، دفاع اور توانائی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دیں گے۔
اس موقع پر دونوں رہنماؤں کے درمیان ون آن ون ملاقات بھی ہوئی، جس میں باہمی مشاورت اور اشتراک کو جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا، خاص طور پر موجود عالمی صورتحال کے تناظر میں۔
اجلاس میں شیخ محمد بن عبد الرحمن بن جاسم آل ثانی اور عبداللہ بن محمد الخلیفی سمیت قطری حکام شریک تھے، جبکہ پاکستانی وفد میں نائب وزیرِ اعظم اسحاق ڈار، وزیرِ اطلاعات عطاء اللہ تارڑ اور معاونِ خصوصی طارق فاطمی بھی شامل تھے۔
دونوں رہنماؤں نے اس بات پر بھی اتفاق کیا کہ مشرقِ وسطیٰ میں جاری تنازعے کے حل کے لیے سفارتی کوششیں جاری رکھی جائیں گی تاکہ خطے میں پائیدار امن قائم کیا جا سکے۔
پاکستانی عوام کی جانب سے امیر قطر کا شکریہ
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ قطر کے امیر کے ساتھ ان کی ملاقات نہایت خوشگوار اور نتیجہ خیز رہی ہے جس میں دوطرفہ تعلقات اور خطے کی صورتحال پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔
دوحہ میں شیخ تمیم بن حمد آل ثانی سے ملاقات کے بعد ایکس پر جاری کیے گئے اپنے پیغام میں وزیر اعظم نے کہا کہ انھوں نے پاکستانی عوام کی جانب سے امیر قطر کا شکریہ ادا کیا جنھوں نے پاکستانی طیارے کے قطری فضائی حدود میں داخلے پر جنگی طیاروں کے ذریعے استقبال کیا۔
انھوں نے اس اقدام کو قطر کی روایتی مہمان نوازی اور دونوں ممالک کے مضبوط تعلقات کی عکاسی قرار دیا۔
وزیرِ اعظم کے مطابق ملاقات میں خلیجی خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال پر بھی گفتگو ہوئی جس میں کشیدگی کم کرنے، مکالمے کو فروغ دینے اور عالمی سطح پر قریبی تعاون کی ضرورت پر زور دیا گیا تاکہ امن اور استحکام کو یقینی بنایا جا سکے۔
انھوں نے قطر اور خطے کے دیگر ممالک پر حملوں کی مذمت کا اعادہ کرتے ہوئے قطری عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار بھی کیا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور قطر کے دیرینہ تعلقات کا جائزہ لیا اور سکیورٹی، دفاع اور توانائی سمیت اہم شعبوں میں تعاون مزید بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔
وزیر اعظم کے مطابق یہ ملاقات پاکستان اور خلیجی ممالک کے ساتھ دیرپا اور مضبوط تعلقات کی عکاسی کرتی ہے۔
دوحہ پہنچنے پر وزیراعظم شہباز شریف کا استقبال سلطان بن سعد المریخی نے کیا۔ اس موقع پر قطری مسلح افواج کے دستے نے انھیں سلامی بھی پیش کی جبکہ دوحہ ایئرپورٹ اور شہر کے مختلف مقامات کو پاکستانی پرچموں سے سجایا گیا تھا۔
اس سے قبل وزیر اعظم نے سعودی عرب کا دورہ کیا تھا جہاں وہ مدینہ منورہ گئے اور مسجد نبوی میں حاضری دی۔ اس موقع پر انھوں نے پاکستان اور عالم اسلام کے لیے دعا کی اور روضۂ رسول پر حاضری بھی دی۔
تجزیہ کاروں کے مطابق وزیرِ اعظم کے سعودی عرب اور قطر کے حالیہ دورے خلیجی ممالک کے ساتھ پاکستان کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی کوششوں کا حصہ ہیں جہاں توانائی، سرمایہ کاری اور افرادی قوت کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے پر توجہ دی جا رہی ہے۔
