اسلام آباد سے حج آپریشن شروع، ’روٹ ٹو مکہ‘ منصوبے کے تحت پہلی پرواز روانہ
اسلام آباد سے حج آپریشن شروع، ’روٹ ٹو مکہ‘ منصوبے کے تحت پہلی پرواز روانہ
اتوار 19 اپریل 2026 14:49
’روٹ ٹو مکہ‘ منصوبے کے تحت اسلام آباد ایئرپورٹ پر ہی سعودی امیگریشن اور دیگر سفری مراحل مکمل کیے جا رہے ہیں (فوٹو: وزارتِ مذہبی امور)
اسلام آباد سے ’روٹ ٹو مکہ‘ منصوبے کے تحت پہلی حج پرواز 270 عازمینِ حج کو لے کر مدینہ کے لیے روانہ ہو گئی۔
اتوار کو سعودی ایئرلائن کی پرواز SV-5723 صبح گیارہ بجے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے روانہ ہوئی، جس کے ساتھ ہی اسلام آباد سے حج 2026 کے فضائی آپریشن کا باقاعدہ آغاز ہو گیا۔
روانگی کے موقع پر وفاقی وزیر مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی سردار محمد یوسف، سعودی ڈپٹی ہیڈ آف مشن محمد ال علی، جوائنٹ سیکرٹری حج محمد بخش سانگی، سول ایوی ایشن اتھارٹی، اینٹی نارکوٹکس فورس اور ایئرلائن کے نمائندوں نے عازمینِ حج کو رخصت کیا۔ اس موقع پر خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں عازمین کو بہترین سہولیات کی فراہمی کے لیے کیے گئے حکومتی اقدامات سے آگاہ کیا گیا۔
وفاقی وزیر سردار محمد یوسف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’آج 2026 کی پہلی حج پرواز کے ساتھ عازمین کو سرزمینِ حجاز روانہ کر دیا گیا ہے، جو ہر مسلمان کی زندگی کا ایک یادگار ترین لمحہ ہوتا ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’حکومتِ پاکستان کی اولین ترجیح عازمینِ حج کو سہولت، وقار اور آسانیوں پر مبنی سفر کی فراہمی ہے۔‘
انہوں نے خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز، سعودی ولی عہد محمد بن سلمان، سعودی وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر توفیق الربیعہ اور پاکستان میں سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی کو عازمینِ حج کے لیے شاندار سہولیات کی فراہمی پر زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے سعودی وژن 2030 کے تحت حج انتظامات میں آنے والی بہتری کو بھی سراہا۔
وفاقی وزیر نے ’روٹ ٹو مکہ‘ منصوبے کو عازمین کے لیے ایک انقلابی سہولت قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کے تحت اسلام آباد ایئرپورٹ پر ہی سعودی امیگریشن اور دیگر سفری مراحل مکمل کیے جا رہے ہیں، جس کے باعث عازمین سعودی عرب پہنچ کر براہ راست اپنی رہائش گاہوں تک جا سکیں گے۔
انہوں نے بتایا کہ ’اسلام آباد سے 36 ہزار، کراچی سے 29 ہزار 800 اور لاہور سے پہلی بار 30 ہزار عازمین اس سہولت سے مستفید ہوں گے، جبکہ مجموعی طور پر 95 ہزار 800 پاکستانی عازمین اس جدید نظام سے فائدہ اٹھائیں گے۔ اس طرح کل عازمین کا تقریباً 80 فیصد ’روٹ ٹو مکہ‘ منصوبے سے مستفید ہوگا۔‘
اسلام آباد سے 36 ہزار، کراچی سے 29 ہزار 800 اور لاہور سے 30 ہزار عازمین اس سہولت سے مستفید ہوں گے (فوٹو: وزارتِ مذہبی امور)
انہوں نے کہا کہ ’وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر حج انتظامات کو مزید بہتر بنایا گیا ہے۔ ہر 188 عازمین کے ساتھ ایک تربیت یافتہ ناظم مقرر کیا گیا ہے جو منیٰ، عرفات اور مزدلفہ میں مکمل رہنمائی فراہم کرے گا۔‘
انہوں نے بتایا کہ ’ہر عازمِ حج کو سعودی عرب پہنچتے ہی مفت سعودی سم فراہم کی جائے گی جس میں انٹرنیٹ ڈیٹا، لوکل اور انٹرنیشنل کالنگ منٹس موجود ہوں گے۔‘
وفاقی وزیر کے مطابق 24 ہزار حجاج کو مکہ اور مدینہ کے درمیان ہائی سپیڈ ٹرین کے ذریعے سفر کی سہولت فراہم کی جائے گی، جبکہ تمام سرکاری حجاج کو مدینہ منورہ میں مسجد نبویؐ کے قریب مرکزیہ میں رہائش دی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ ’حج صرف عبادت ہی نہیں بلکہ روحانی تربیت کا ایک جامع عمل ہے، اس لیے حجاج کرام صبر، نظم و ضبط اور سعودی قوانین کی مکمل پاسداری کو یقینی بنائیں۔‘
انہوں نے خدام الحجاج کی ہدایات پر عمل کرنے اور پاکستان کے سفیر کی حیثیت سے مثبت کردار ادا کرنے کی تلقین بھی کی۔
وفاقی وزیر نے سعودی قیادت کا حجاج کرام کی خدمت پر خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ’شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی سرپرستی میں حجاج کی خدمت ایک قابلِ تقلید مثال بن چکی ہے۔‘