Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کراچی سے 155 پاکستانی عازمینِ حج کو لے کر پہلی فلائٹ مدینہ پہنچ گئی، ایئرپورٹ پر خیرمقدم

حکام کے مطابق آئندہ آنے والی پروازوں کے لیے بھی اسی طرز کے مؤثر اور مربوط انتظامات کیے گئے ہیں (فوٹو: وزارت مذہبی امور)
پاکستانی عازمینِ حج کی پہلی پرواز سنیچر کو کراچی سے مدینہ پہنچ گئی، جہاں 155 عازمین کا پرتپاک اور باوقار استقبال کیا گیا۔
اس موقعے پر ڈی جی حج جدہ عبدالوہاب سومرو، ڈائریکٹر مدینہ زاہد سہیل، کوآرڈینیٹر مدینہ کاشف حسین اور ڈائریکٹر مکہ محمد عارف اسلم راؤ نے عازمین کا خیرمقدم کیا۔
استقبال کے دوران عازمین حج پر پھول نچھاور کیے گئے اور تحائف بھی پیش کیے گئے، جبکہ سعودی ثقافتی روایات کے مطابق خوش آمدیدی نغموں اور دف کی تھاپ نے فضا کو مزید روحانی اور یادگار بنا دیا۔
عازمین کو مدینہ پہنچتے ہی مرکزیہ کے علاقے میں معیاری رہائش فراہم کر دی گئی، جہاں ان کے آرام اور سہولت کا خصوصی اہتمام کیا گیا ہے۔ مزید برآں، انہیں فوری طور پر نسک کارڈز جاری کیے گئے تاکہ عبادات اور نقل و حرکت میں کسی قسم کی دشواری پیش نہ آئے۔
مہمان نوازی کے تحت عازمین کی تواضع مشروبات اور کھجور سے کی گئی جبکہ اعلیٰ اور معیاری ناشتہ بھی پیش کیا گیا۔
انتظامات کی نگرانی اعلیٰ حکام نے خود کی تا کہ ہر مرحلے پر معیار کو یقینی بنایا جا سکے۔
عازمین نے بہترین انتظامات پر وزارتِ مذہبی امور پاکستان اور حج مشن پاکستان کی کاوشوں پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ پاکستان سے مدینہ تک سفر کے تمام انتظامات نہایت خوش آئند اور تسلی بخش رہے، جس سے ان کے مقدس سفر کا آغاز خوش گوار انداز میں ہوا۔

عازمین کو مدینہ پہنچتے ہی مرکزیہ کے علاقے میں معیاری رہائش فراہم کر دی گئی (فوٹو: وزارت مذہبی امور)

حکام کے مطابق آئندہ آنے والی پروازوں کے لیے بھی اسی طرز کے مؤثر اور مربوط انتظامات کیے گئے ہیں، جبکہ مختلف شعبہ جات کے درمیان قریبی رابطہ برقرار رکھا جا رہا ہے تاکہ ہر عازمِ حج کو اعلیٰ معیار کی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

شیئر: