’خوبصورت ترین سٹار کا اعزاز‘، ہالی وڈ اداکارہ این ہیتھوے کا انٹرویو میں ’انشااللہ‘ کہنے کا لمحہ وائرل
منگل 21 اپریل 2026 14:36
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
این ہیتھوے کو پیپل میگزین نے دنیا کی خوبصورت ترین سٹار کے اعزاز سے نوازا ہے۔ (پیپل میگزین)
’میں لمبی اور صحت مند زندگی جینا چاہتی ہوں، انشا اللہ مجھے امید ہے‘، یہ الفاظ ہالی وڈ کی معروف اداکارہ این ہیتھوے کے ہیں جو ان کے ایک حالیہ انٹرویو کے بعد سوشل میڈیا پر وائرل ہوئے۔
امریکی جریدے پیپل میگزین نے این ہیتھوے کو ’دنیا کی خوبصورت ترین سٹار' کے اعزاز سے نوازا ہے جس کے بعد اداکارہ نے جریدے کو دیے ایک انٹرویو میں بڑھتی عمر، زندگی کے تجربات اور اپنے نقطہ نظر پر کھل کر بات کی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر مداح اس انٹرویو کے کلپس شیئر کرتے ہوئے اپنے تاثرات کا اظہار بھی کر رہے ہیں۔
ایک صارف نے کہا ’این ہیتھوے کا انشااللہ کہنے کا تصور۔‘

ایک ایکس صارف نے پوسٹ میں لکھا ’ہالی وڈ اداکارہ این ہیتھوے کا اپنے انٹرویو کے دوران اچانک انشااللہ کہنا مجھے واقعی حیران کر گیا اور انہوں نے اس لفظ کو بالکل درست انداز میں ادا بھی کیا، جیسے وہ یہ لفظ پہلے بے شمار بار کہہ چکی ہوں۔‘

صباحت ذکریا نے لکھا ’سچ کہوں تو میں نے یہ بات پوری طرح محسوس کی، مستقبل کی امیدوں اور خدشات کے اظہار کے لیے انشااللہ جیسا مؤثر کوئی اور لفظ ہے ہی نہیں۔‘

این ہیتھوے کا انٹرویو جو وائرل ہوا
انہوں نے کہا کہ عمر بڑھنے کے ساتھ انسان کو اپنی صحت اور طرزِ زندگی کے بارے میں زیادہ سنجیدہ ہونا پڑتا ہے، تاہم اس کے علاوہ زندگی اپنی جگہ قائم رہتی ہے۔
این ہیتھوے کے مطابق، ’آپ اب بھی وہی ہوتے ہیں، زندگی بھی وہی رہتی ہے، موسیقی اب بھی اچھی لگتی ہے اور رقص اب بھی لطف دیتا ہے۔‘
انہوں نے اپنی چالیس کی دہائی کے تجربے پر بات کرتے ہوئے کہا، ’جب آپ چالیس برس کی عمر میں پہنچتے ہیں تو آپ کو یہ دیکھنے کا موقع ملتا ہے کہ ماضی کے فیصلوں کے کیا نتائج نکلے، اور پھر آپ یہ طے کر سکتے ہیں کہ وہی فیصلے جاری رکھنے ہیں یا کچھ نیا اختیار کرنا ہے۔‘
اداکارہ نے جذباتی پختگی کا ذکر کرتے ہوئے کہا، ’میں اب چیزوں میں اتنی زیادہ بہہ نہیں جاتی۔ پہلے ہر خوشی بہت زیادہ خوشی اور ہر غم بہت زیادہ غم ہوتا تھا، سب کچھ بہت ڈرامائی تھا، لیکن اب میں سکون کو زیادہ اہمیت دیتی ہوں۔‘
انہوں نے عمر بڑھنے سے متعلق خوف کے بارے میں کہا، ’آپ یا تو بڑھتی عمر سے خوفزدہ ہو سکتے ہیں یا کم عمری میں مر جانے کے خیال سے، لیکن میں ایک طویل اور بھرپور زندگی جینا چاہتی ہوں۔‘
این ہیتھوے نے مزید کہا کہ وہ عمر کو خوف کے بجائے تجسس کے ساتھ دیکھتی ہیں۔ ان کے الفاظ میں، ’میں نے پہلے کبھی یہ عمر نہیں گزاری، اس لیے میں جاننا چاہتی ہوں کہ اس میں کیا ہے، کیا نیا سامنے آتا ہے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ زندگی میں غیر یقینی ہمیشہ موجود رہتی ہے، چاہے انسان کی عمر 11 سال ہو یا 43، اور یہی بات اسے دلچسپ بناتی ہے۔