سعودی عرب کی صدر ٹرمپ کی تقریب میں فائرنگ کی مذمت، امریکہ سے اظہار یکجہتی
اتوار 26 اپریل 2026 18:06
بیان میں ہر قسم کے تشدد کو مسترد کیے جانے کا اعادہ کیا گیا ( فوٹو: اے ایف پی)
سعودی عرب نے اتوار کو واشنگٹن میں فائرنگ کے واقعے کی مذمت کی ہے، جس میں ایک تقریب کو نشانہ بنایا گیا، جہاں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ موجود تھے۔
ایس پی اے کے مطابق وزارت خارجہ نے ایک بیان میں مملکت کی جانب سے ہر قسم کے تشدد کو مسترد کیے جانے کا اعادہ کیا اور امریکہ کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔
متحدہ عرب امارات نے بھی امریکی صدر ٹرمپ کو ہدف بنانے کے لیے فائرنگ کی شدید مذمت کی ہے۔
وزارت خارجہ نے بیان میں تشدد، انتہا پسندی اور دہشت گردی کی تمام اقسام کو مسترد کیا جس کا مقصد سلامتی اور استحکام کو نقصان پہنچانا ہے۔
یاد رہے کہ وائٹ ہاؤس میں سنیچر کی رات میڈیا کے نمائندوں کے اعزاز میں عشائیہ تقریب کے دوران فائرنگ سے ہلچل مچ گئی اور صدر ٹرمپ کو وہاں سے نکال لیا گیا تھا۔
سکیورٹی اداروں نے بتایا فائرنگ کرنے والے شخص کو گرفتار کر لیا گیا ہے اور صدر ٹرمپ خیریت سے ہیں۔
امریکہ کے قائم مقام اٹارنی جنرل ٹوڈ بلانچ کا کہنا ہے کہ ان کے خیال میں وائٹ ہاؤس کے نمائندگان کے ڈنر کا مبینہ حملہ آور ٹرمپ انتظامیہ کے اہلکاروں کو نشانہ بنانا چاہتا تھا۔
