مصر میں جرمن سیاح سانپ کے ڈسنے سے ہلاک، ’پینٹ میں گھُس گیا تھا‘
پولیس کے مطابق ‘جرمن سیاح بحیرۂ احمر کے ساحل کے ساتھ سیاحتی شہر ہرغدا کے ریزورٹ میں مقیم تھا (فائل فوٹو: اے ایف پی)
مصر میں چُھٹیاں گزارنے کے لیے آنے والا ایک جرمن سیاح سانپ کے ڈسنے سے ہلاک ہو گیا۔
امریکی ٹی وی سی این این نے جرمن پولیس کے حوالے سے بتایا کہ ’مرنے والے سیاح کی عمر 57 برس تھی، تاہم اُس کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی۔‘
جرمن شہری اپنے اہلِ خانہ کے ہمراہ چُھٹیاں گزارنے کے دوران سانپوں کا ایک روایتی شو دیکھ رہا تھا جب اسے رواں ماہ کے آغاز میں ایک سانپ نے ڈَس لیا تھا۔
باویرین پولیس نے پیر کو ایک بیان میں تصدیق کی کہ جرمنی کے علاقے انٹرالگاؤ سے تعلق رکھنے والے تین افراد مصر میں بحیرۂ احمر کے ساحل کے ساتھ سیاحتی شہر ہرغدا کے ریزورٹ میں مقیم تھے۔
اس دوران جرمن شہری نے ہوٹل کے ایک تفریحی پروگرام میں شرکت کی۔ پولیس نے بتایا کہ شو میں دو سانپ موجود تھے جن کے بارے میں خیال کیا جاتا ہے کہ وہ کوبرا تھے، شو کے دوران ان سانپوں کو وہاں موجود افراد کے گلے میں لٹکایا جاتا ہے۔
تاہم پولیس کے مطابق ’یہ جان لیوا واقعہ بظاہر اُس وقت پیش آیا جب اُن میں سے ایک سانپ جرمن سیاح کی پینٹ کے اندر گُھس گیا۔‘
’سانپ نے جرمن سیاح کی ٹانگ پر ڈس لیا جس سے زہر اُس کے جسم میں پھیل گیا۔ سیاح کو فوری طور پر قریبی ہسپتال پہنچایا گیا، تاہم وہ جانبر نہ ہوسکا اوردم توڑ گیا۔‘
عالمی ادارۂ صحت کی ایک رپورٹ کے مطابق ‘دنیا بھر میں ہر سال قریباً 81 ہزار سے 1 لاکھ 38 ہزار افراد سانپ کے ڈسنے سے مر جاتے ہیں، جب کہ اس سے تین گنا زیادہ تعداد یا تو مستقل طور پر معذور ہو جاتی ہے یا پھر ایسے افراد کی ٹانگ یا بازو کاٹنا پڑتا ہے۔‘
سی این این نے اس واقعے کی تفصیلات جاننے کے لیے مصری حکام سے رابطہ کیا تھا۔
