مشرقی یورپ کے ملک پولینڈ میں بُھورے ریچھ کا خطرناک حملہ، 58 برس کی خاتون ہلاک
جمعرات 23 اپریل 2026 17:33
مشرقی یورپ کے ملک پولینڈ کے جنوب مشرقی علاقے میں 58 برس کی ایک خاتون ریچھ کے حملے میں ہلاک ہو گئیں۔
سنوک میں ڈسٹرکٹ سٹیٹ فائر سروس کے پریس آفیسر نے فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کو واقعے کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔
ان کے مطابق فائر ڈیپارٹمنٹ کو ایک رپورٹ موصول ہوئی کہ گاؤں پلونا میں ایک خاتون ریچھ کے مبینہ حملے میں ہلاک ہو گئی ہیں۔
’یہ اطلاع مرنے والی خاتون کے بیٹے نے فائر بریگیڈ کو اطلاع دی جس کے بعد ریسکیو ٹیمیں اور پولیس موقعے پر پہنچ گئیں۔‘
پریس آفیسر کا مزید کہنا تھا کہ ’خاتون کو اتنے شدید زخم آئے تھے کہ وہ جانبر نہ ہو سکیں، اور موقعے پر ہی ان کی موت کی تصدیق کر دی گئی۔‘
حکام نے کہا ہے کہ امدادی ٹیموں کو موقعے پر پہنچنے میں مشکلات پیش آئیں کیونکہ راستہ دشوار گزار اور پہاڑی تھا، جبکہ جگہ کی دُرست سَمت بھی فوری طور پر دستیاب نہیں تھی۔
یہ واقعہ جس علاقے میں میں پیش آیا وہاں پولینڈ کے زیادہ تر بھُورے ریچھ پائے جاتے ہیں۔
سنہ 2024 کے سرکاری اعدادوشمار کے مطابق ’پولینڈ میں بُھورے ریچھوں کی تعداد قریباً 100 ہے جن میں سے 80 فیصد اسی علاقے میں پائے جاتے ہیں۔‘
واضح رہے کہ پولینڈ میں ریچھوں کے حملے نہایت کم ہوتے ہیں، اور اس سے قبل آخری مہلک حملہ 2014 میں رپورٹ ہوا تھا۔
ریچھ کے اس حملے کے بعد حکام نے علاقے کو محفوظ بنانے کے لیے مختلف اقدامات شروع کر دیے ہیں۔
