مملکت میں آج ’ فل مون‘ کا خوبصورت نظارہ
ماہرفلکیات کا کہنا ہے ماہِ رواں کے مکمل چاند کو ’قمرقزم‘ کہا جاتا ہے (فوٹو،ایکس اکاونٹ)
مملکت سمیت عرب دنیا میں آج غروب آفتاب کے ساتھ ہی فل مون کا دلفریب فلکی منظر دیکھنے کو ملے گا۔ نصف شب کے قریب چاند بلند ترین مقام پر ہوگا۔
عاجل نیوز کے مطابق جدہ فلکیاتی سوسائٹی کے سربراہ انجینئر ماجد ابو زھراہ کا کہنا ہے کہ بدر (پورا چاند) کا مرحلہ اس وقت ہوتا ہے جب زمین کے مقابل سورج اورچاند ایک دوسرے کے سامنے ہوتے ہیں، جس کے باعث چاند کا روشن حصہ مکمل طورپر زمین کی جانب نظر آتا ہے۔ اس وقت سورج، زمین اور چاند کے درمیان 180 ڈگری کے زاویہ پر ہوتا ہے۔
ابوزاھرہ کا مزید کہنا تھا کہ اس ماہ کے مکمل چاند کو ’قمرقزم‘ چھوٹا چاند کہا جاتا ہے، کیونکہ یہ اپنے مدار میں زمین سے نسبتا دورمقام پر ہوگا، جس کے باعث اس کا حجم قدرے چھوٹا اور روشنی معمولی سے کم محسوس ہو گی، تاہم یہ فرق عام آنکھ سے واضح نہیں ہوتا۔
ابوزاھرہ کے مطابق افق کے قریب چاند بڑا دکھائی دے سکتا ہے، جسے ’وھم قمر‘ کہا جاتا ہے، یہ صرف بصری اثر ہوتا ہے، جبکہ فضائی تہوں میں روشنی کی پھیلاو کے باعث اس کا رنگ سرخی مائل یا نارنجی بھی دکھائی دے سکتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ چاند بتدریج بلند ہو کرنصف شب کے قریب آسمان کے بلند ترین مقام پر پہنچ جائے گا، اور سورج کے طلوع ہونے کے ساتھ ہی غروب ہوگا۔
فل مون کا یہ منظر شوقین افراد کے لیے مشاہدے اور فلکی فوٹوگرافی کا بہترین موقع بھی مانا جاتا ہے۔