Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ہفتۂ ماحولیات: ریاض میں تصویری نمائش جو ماحولیاتی بیداری کو بڑھا رہی ہے

مختلف پروگرام، آگاہی مہمات اور انٹرایکٹیو سرگرمیاں یکجا ہیں۔(فوٹو: ایس پی اے)
 ریاض میں سعودی ہفتۂ ماحولیات 2026 سے متعلق تصویری نمائش ’گرین امپیکٹ‘ کا افتتاح ہوا ہے، جس میں مختلف پروگرام، آگاہی کے بارے میں مہمات اور انٹرایکٹیو سرگرمیاں یکجا ہیں۔
اس نمائش کا مقصد ’سعودی وژن 2030‘ کے تحت ماحول کے تحفظ، قدرتی وسائل کے ضیاع کو روکنے، سبزے کو بڑھانے اور جنگلی حیات کو محفوظ بنانے کے لیے ایک پائیدار ماحولیاتی اثر کو پروان چڑھانا اور اس کے لیے آگاہی پھیلانا ہے۔
نمائش میں آگاہی پھیلانے سے متعلق کئی انٹر ایکٹیو طریقوں کے بارے میں بتایا اور دکھایا جائے گا۔ 
نمائش کے ایک حصے میں اُن مقامی فنکاروں کے ہنر کو لوگوں کے سامنے لایا گیا ہے جن کا کام ماحولیات کے مسائل پر روشنی ڈالتا ہے، پانی کے تحفظ کی اہیمیت کو نمایاں کرتا ہے، قدرتی وسائل کے نقصان کو روکتا ہے، جنگلی حیات کو بچانے کی سعی کرتا ہے اور پودوں اور حیاتیاتی تنوع کو سنبھالنے کی کوششوں کو لوگوں تک پہنچاتا ہے۔
مختلف ڈرائنگز کے ذریعے ماحولیاتی توازن کو منفی انداز میں متاثر کرنے والی سرگرمیوں کو بھی اجاگر کیا جا رہا ہے جن میں غیرقانونی طور پر درختوں کی کٹائی، گندگی پھیلانا، بلا امتیاز شکار، پودوں اور جھاڑیوں کو زمین سے اکھاڑنا اور پانی کا غیر ضروری استعمال شامل ہیں۔

عالمی حدت اور موسمیاتی تبدیلی سے پودوں اور ہوا کی کوالٹی پر پڑنے والے مضر اثرات کو بھی نمائش میں رکھی گئی ڈرائنگز کے ذریعے نمایاں کیا گیا ہے۔
یہ سرگرمیاں ماحولیاتی نظام کو بُری طرح متاثر کرتی ہیں، زمین کو بنجر اور خشک سالی کا سبب بنتی ہیں جس سے فلکی اور آبی دونوں ایریاز کو خطرات لاحق ہو جاتے ہیں۔
مملکت کے کئی علاقوں میں ایک ہفتے تک جاری رہنے والے ہفتۂ ماحولیات کے تحت ہونے والی نمائش، عوام کو مواقع فراہم کرے گی کہ وہ اُن طریقوں کو سیکھیں جن سے ماحولیاتی سرگرمیاں میں بہتری آئے اور زندگی کی کوالٹی پر ان کا اچھا اثر پڑے۔

نمائش میں اس بات پر زور دیا جا رہا ہے کہ سبزے کی اہمیت کتنی زیادہ ہے جس سے زمین کے بنجر پن کا مقابلہ ہو سکتا ہے اور خشک سالی روکی جاسکتی ہے۔
اس کے علاوہ نمائش کے ذریعے پانی کے بچاؤ، جنگلی حیات کے تحفظ اور حیاتیاتی تنوع کو محفوظ رکھنے کی اہمیت بھی نمایاں کی جا رہی ہے۔ 
نمائش میں حکومتی اداروں، غیر نفع بخش تنظیموں اور نجی شعبے کے درمیان ان مقاصد کے حصول کے لیے تعاون کو پروان چڑھانے کی اہمیت کو خاص طور پر لوگوں کے سامنے لایا جائے گا تاکہ ان تمام چیلنجز کا مقابلہ کیا جا سکے۔

 

شیئر: