Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

گورنر مدینہ کا میقات ذوالحلیفہ کا دورہ، ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ

گورنر مدینہ منورہ شہزادہ سلمان بن سلطان بن عبدالعزیز نے میقات ذوالحلیفہ کا دورہ کیا اور وہاں جاری ترقیاتی امور اور منصوبوں کا جائزہ لیا۔
اس موقع پر ان کے ہمراہ نائب گورنر شہزادہ سعود بن بھار کے علاوہ ریجن کے سیکریٹری اور ترقیاتی اتھارٹی سی ای او انجینیئر فہد بن محمد البلیھشی بھی تھے۔
ایس پی اے کے مطابق گورنر مدینہ کو میقات میں ترقیاتی کاموں کے بارے میں آگاہ کیا گیا جس کا مقصد عازمین اور زائرین کو فراہم کی جانے والی خدمات کو بڑھانا اور روحانی تجربے کو بہتر بنانا ہے۔
میقات ذوالحلیفہ مسجد کی توسیعی منصوبوں میں نمازیوں کی گنجائش 5 ہزار سے بڑھا کر 15 ہزار تک کرنا شامل ہے۔
گورنر مدینہ نے اس موقع پر میقات مسجد کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا یہ نمایاں داخلی مقامات میں سے ایک ہے، یہاں سالانہ بنیاد پر لاکھوں عازمین حج اور عمرہ زائرین آتے ہیں جنہیں بہترین خدمات فراہم کرنا اہم ہے۔

انہوں نے مناسک حج کے پہلے مرحلے کے دوران عازمین کے لیے خدمات کے معیار کو بڑھانے، کارکردگی کو مسلسل بہتر بنانے اور متعلقہ ادروں کے درمیان ہم آہنگی کو مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔
گورنر مدینہ کو میقات مسجد میں ہونے والے ترقیاتی کاموں کے بارے میں بتایا گیا جس میں مسجد کا کارپٹ تبدیل کیا گیا جس کا رقبہ 2400 مربع میٹر ہے جبکہ جدید مائیکرو فون کا استعمال کرتے ہوئے ساؤنڈ سسٹم کو اپ گریڈ کیا گیا جس میں 196 سپیکرز نصب کیے گئے ہیں۔

مسجد کے باہر برآمدے جس کا رقبہ 50 ہزار مربع میٹر ہے کی تجدید و توسیع کی گئی، نگرانی کے عمل کو بہتر بناتے ہوئے 300 سے زائد کلوز سرکٹ کیمروں کو نصب کیا گیا۔
زائرین کی سہولت کےلیے مسجد کے باہر جدید مارکیٹ تعمیر کی گئی جس میں 48 دکانیں، کافی شاپس، ریستوران اور دیگر ضروریات کی اشیا فروخت کرنے والی شاپس شامل ہیں۔

 

شیئر: