شاہ سلمان پارک میں ’حفاظتی دیواریں‘ کیوں بنائی گئی ہیں؟
کنگ سلمان پارک فاؤنڈیشن نے دنیا کے سب بڑے شہری پارکوں میں شامل شاہ سلمان پارک میں ’ایم ایس ای‘ (میکانکی سٹیبلائزڈ ارتھ) ریٹیننگ والز(محفوظ دیواروں) کی تکمیل کا اعلان کیا ہے۔
سعودی خبررساں ایجنسی کے مطابق مخصوص ٹیکنالوجی کے ذریعے تعمیر کی گئی یہ محفوظ دیواریں 17 کلومیٹر طویل ہیں۔ ان کی تعمیر میں ایک لاکھ 22 ہزار 500 ٹن مقامی پتھر کا استعمال کیا گیا ہے۔
منصوبے کے ڈائریکٹر انجینیئر احمد البراک نے بتایا کہ یہ دیواریں زمین کے نیچے تک پھیلی ہوئی ہیں تاکہ زمینی استحکام کو برقرار رکھا اور اس مقام کی قدرتی خوبصورتی کو بہتر بنایا جا سکے۔
ان کے مطابق یہ کامیابی منصوبے کی تیز رفتار ترقی اور وژن 2030 کے اہداف سے ہم آہنگ ہے۔
محفوظ دیواروں کی تکمیل، پارک کے منصوبے میں نمایاں پیش رفت کی عکاس ہے جو مٹی کو مضبوط بنانے اور پارک کے منظر نامے کی تشکیل میں اس کے کردار کو اجاگر کرتی ہیں۔ جس میں نجد کے علاقے سے متاثر وادیاں، پہاڑیاں اور سطح مرتفع شامل ہیں۔
یہ پودوں اور وزیٹرز دونوں کے لیے سایہ دار مقامات اور معتدل آب و ہوا فراہم کرنے میں مدد گار ثابت ہوں گے۔

پروجیکٹ ڈائریکٹر انجینیئر طارق النعیم کا کہنا تھا کہ ’فیلڈ اور انجینیئرنگ ٹیموں کے باہمی تعاون اور مربوط کوششوں سے اعلٰی ترین تکنیکی معیارات کے مطابق کام مکمل کیا گیا ہے۔ جمالیاتی اور عملی ڈیزائن کے لیے تمام تر چیلنجز پر قابو پانے میں کامیاب رہے ہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ ’ڈیزائن کیا گیا زمینی منطر وزیٹرز کو مختلف راستوں، وادیوں اور پہاڑیوں کے درمیان ایک بھر پور اور متنوع تجربہ فراہم کرے گا۔‘
