ریاض کا کنگ سلمان پارک، نباتات اور آبی حیات کی محفوظ پناہ گاہ
ریاض کا کنگ سلمان پارک، نباتات اور آبی حیات کی محفوظ پناہ گاہ
ہفتہ 31 اگست 2024 20:21
یہ پارک لندن کے ہائیڈ پارک سے سات گنا اور نیویارک کے سینٹرل پارک سے پانچ گنا بڑا ہو گا۔
سعودی وژن 2030 میں شامل گرین انیشیٹیو کے اہم اقدامات میں سے ایک ریاض میں بنایا جانے والا کنگ سلمان پارک ہے جو 2025 میں تکمیل کے بعد رہائشیوں اور سیاحوں کے لیے کھول دیا جائے گا۔
عرب نیوز کے مطابق کنگ سلمان پارک تقریباً 16.6 مربع کلومیٹر پر محیط دنیا میں اپنی نوعیت کا سب سے بڑا پارک ہے۔ یہ پارک نباتات اور آبی حیات کی محفوظ پناہ گاہ تصور کیا جا رہا ہے۔
پرندوں کی دلکش چہچہاہٹ میں خوبصورت سبزہ زاروں کے ساتھ قائم کیا جانے والا یہ وسیع پارک عام شہریوں کی صحت کے ساتھ ساتھ ان کے معیار زندگی کو بھی بہتر بنائے گا۔
گرین ریاض منصوبے کے اہم ذمہ دار اور معمار خالد الاوجیان نے بتایا ہے ’کنگ سلمان پارک کا شاندار منصوبہ جو وژن 2030 کے ساتھ مکمل طور پر ہم آہنگ ہے، بہت جلد شہر کو زیادہ پائیدار اور مستحکم انداز سے سرسبز ماحول میں تبدیل کر دے گا۔‘
پارک کی تکمیل کے سلسلے میں تعمیراتی کام تیزی سے جاری ہیں۔ اس کے لیے ایک ارب ڈالر سے زیادہ کے ٹھیکے دیے گئے ہیں۔
ریاض شہر کے جدید منصوبوں کو پایہ تکمیل تک پہنچائے جانے کے لیے 23 ارب ڈالر کی وسیع سرمایہ کاری کا ایک بڑا حصہ ہے۔ مجموعی سرمایہ کاری میں 15 ارب ڈالر نجی شعبے کی جانب سے بھی شامل ہیں۔
ریاض کی قدیم ایئربیس کے سنگم پر واقع یہ پارک لندن کے ہائیڈ پارک سے سات گنا اور نیویارک کے سینٹرل پارک سے پانچ گنا بڑا ہو گا۔
کنگ سلمان پارک میں کھیلوں، ثقافتی تقریبات اور وسیع پیمانے پر تفریحی سرگرمیاں فراہم کرنے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے ۔ یہ پارک رنگ برنگے پودوں اور درختوں کے ساتھ ساتھ چہچہانے والے پرندوں کا حسین مسکن ہے۔
اس منصوبے کا وسیع تر حصہ جو تقریباً 11.6 مربع کلومیٹر سے زیادہ پر مشتمل ہے۔ یہ سعودی گرین انیشیٹو کے تحت وقف کیا جائے گا جس میں 10 لاکھ منفرد انواع کے درخت کاشت کیے جائیں گے۔
سبزہ زاروں پر مشتمل یہ وسیع علاقہ مختلف اقسام کے پودوں کی افزائش اور مختلف قسم کی مقامی جنگلی حیات کو عمدہ ماحول فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
ریاض شہر میں قائم کیے جانے والے اس سبزہ زار کو صحت مند اور بہترین ماحولیاتی نظام کے لیے تشکیل دیا جا رہا ہے جس میں چھوٹے چھوٹے باغات اور دیگر مختلف مقامات پرندوں، تتلیوں اور دیگر انواع کے لیے شاندار تحفہ ہیں اور یہ پارک کی جمالیاتی کشش میں اضافہ کریں گے۔
کنگ سلمان پارک میں پانی کے متعدد ذخائر بنائے جا رہے ہیں جو آبی حیات کو تقویت بخشنے اور نقل مکانی کرنے والے آبی پرندوں کو آرام کرنے کے مقامات اور عارضی مسکن فراہم کرنے کے لیے بنائے گئے ہیں۔
گرین ریاض منصوبے کے تحت جدید شہری ترقی اور گرین انیشیٹیو پر عمل دآرمد کے ساتھ کنگ سلمان پارک کمیونٹی کے لیے ایک بہترین پُرفضا مقام کے طور پر مانا جائے گا جو کہ یقیناً ریاض کے لیے ایک تاریخی کامیابی ہوگی۔
پارک میں سات اعشاریہ دو کلومیٹر طویل واکنگ ٹریک بنائے جا رہے ہیں جو ریاض کے رہائشیوں کے معیار زندگی کو بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ پیدل چلنے اور ورزش کرنے والوں کے لیے پرسکون اور عمدہ قدرتی ماحول فراہم کریں گے۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں