سردار محمد یوسف حج انتظامات کا جائزہ لینے سعودی عرب پہنچ گئے
مکہ مکرمہ پہنچنے پر عمرہ ادا کیا، پاکستانی عازمین حج سے ملاقات کی۔( فوٹو: اے پی پی)
وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف حج انتظامات کا جائزہ لینے سنیچر کو سعودی عرب پہنچ گئے۔
سردار یوسف نے مکہ مکرمہ پہنچنے کے بعد عمرہ ادا کیا، مسجد الحرام میں موجود پاکستانی عازمین حج سے ملاقات کی۔
وزارت کے ترجمان نے بیان میں کہا کہ عازمین حج نے ملاقات میں سرکاری حج سکیم کے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔
سردار محمد یوسف دوران حج عازمین کے لیے مختص رہائش میں قیام کریں گے۔
سردار یوسف مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ اور مشاعر مقدسہ میں جاری حج انتظامات کا جائزہ لیں گے، سعودی ہم منصب سمیت دیگر شخصیات سے ملاقاتیں کریں گے۔
ترجمان کا کہنا تھا وفاقی وزیر مذہبی امور پاکستانی عازمین کے لیے رہائش، خوراک، ٹرانسپورٹ اور دیگر سہولتوں کے ذمہ دار اداروں کا دورہ کریں گے۔
سعودی عرب روانگی سے قبل سردار محمد یوسف نے اردونیوز کو انٹرویو میں کہا تھا کہ پاکستان نے اس مرتبہ حج کا اپنا مکمل کوٹہ حاصل کیا ہے، جس کے تحت ایک لاکھ 79 ہزار 210 پاکستانی فریضہ حج ادا کر رہے ہیں۔
اس میں قریباً ایک لاکھ 20 ہزار عازمین سرکاری سکیم جبکہ باقی نجی ٹور آپریٹرز کے ذریعے حجازِ مقدس پہنچ رہے ہیں۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ’مختلف مقامات پر معیاری رہائش کا انتظام کیا گیا ہے اور حکومت کی پوری کوشش ہے کہ عازمین کی تمام ضروریات کا خیال رکھا جائے۔‘
انہوں نے سعودی حکومت کی جانب سے کیے گئے مجموعی انتظامات پر شکریہ ادا کرتے ہوئے پاکستان سعودی تعلقات کو ’مثالی اور برادرانہ‘ قرار دیا۔
