رواں برس حاجیوں کو زیادہ سہولیات فراہم کرنے کے لیے اقدامات تیز کر رہے ہیں: سردار یوسف
جمعہ 13 فروری 2026 12:25
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
سردار محمد یوسف کے مطابق سال 2026 میں حاجیوں کو مزید سہولیات میسر ہوں گی (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کے وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے کہا ہے کہ ’حاجیوں کی روانگی کا پہلا مرحلہ کامیابی سے مکمل ہو چکا ہے جبکہ دوسرا مرحلہ رمضان کے بعد شروع ہوگا۔‘
جمعے کو سردار محمد یوسف نے کراچی میں حاجی کیمپ کا دورہ کرنے اور انتظامات کا جائزہ لینے کے بعد میڈیا سے گفتگو کی۔
ان کے مطابق ’سندھ سے مجموعی طور پر 29 ہزار عازمین حج روانہ ہوں گے جن میں سے بڑی تعداد کراچی سے جائے گی۔‘
انہوں نے کہا کہ ’24 ہزار حاجیوں کو باقاعدہ ٹریننگ فراہم کی جا چکی ہے جبکہ جن افراد نے درخواستیں جمع کرائی تھیں ان کا عمل بھی مکمل کر لیا گیا ہے۔‘
سردار یوسف کا کہنا تھا کہ ’وزارت کی کوشش ہے کہ زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ عازمین کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔‘ انہوں نے بتایا کہ ’کراچی، لاہور اور اسلام آباد سے روانہ ہونے والے حاجیوں کے لیے خصوصی انتظامات کیے جا رہے ہیں۔ رمضان کے بعد دی جانے والی ٹریننگ میں ڈسپلن اور سعودی عرب میں قیام کے دوران رہنمائی پر خصوصی توجہ دی جائے گی کیونکہ حاجی پاکستان کے سفیر ہوتے ہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ ’2026 میں حج پر جانے والے عازمین کو مزید بہتر سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ 2025 میں بہتر انتظامات پر پاکستان کو ایوارڈ بھی دیا گیا، جو وزارت کی کاوشوں کا اعتراف ہے۔‘
وفاقی وزیر نے حاجی کیمپ میں موجود مسجد کی مخدوش حالت کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ چھت کی مرمت سمیت ضروری تعمیراتی کام جاری ہے جسے رمضان کے بعد مکمل کر کے استعمال کے قابل بنا دیا جائے گا۔
انہوں نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ’سعودی حکومت کی جانب سے فراہم کی جانے والی سہولیات قابلِ تحسین ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان تعاون مزید مضبوط ہو رہا ہے۔‘
