Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’کانز‘ میں پاکستانی اداکارہ صنم سعید کا شاندار ڈیبیو، مشرقی انداز نے سب کی توجہ حاصل کر لی

صنم سعید نے اپنے پہلے کانز ایونٹ کے لیے مغربی لباس کے بجائے مشرقی انداز اپنایا (فوٹو: انسٹاگرام)
فرانس میں جاری عالمی شہرت یافتہ فلمی میلے ’کانز فلم فیسٹیول‘ میں پاکستانی اداکارہ صنم سعید نے شاندار انداز میں ڈیبیو کیا، جہاں ان کی مشرقی طرزِ فیشن اور پُراعتماد شخصیت نے حاضرین کی بھرپور توجہ حاصل کی۔
ریڈ کارپٹ پر ان کی آمد کے دوران شرکا نے تالیاں بجا کر ان کا استقبال کیا جبکہ اداکارہ نے مسکراتے ہوئے سب کا شکریہ ادا کیا۔
صنم سعید اس سال جنوبی ایشیائی خواتین کی فلم اور فنونِ لطیفہ میں خدمات کے اعتراف کے لیے تشکیل دیے گئے خصوصی اعزازی گروپ کا حصہ ہیں۔
ان کی کانز میں شرکت کو پاکستانی انٹرٹینمنٹ انڈسٹری کے لیے ایک اہم کامیابی قرار دیا جا رہا ہے۔
اداکارہ نے اپنے پہلے کانز ایونٹ کے لیے مغربی لباس کے بجائے مشرقی انداز اپنایا، جسے عالمی سطح پر بے حد سراہا گیا۔
انہوں نے پاکستانی ڈیزائنر حسین رہر کے تیار کردہ نیلے رنگ کے خوبصورت کسٹم ڈیزائن لباس کا انتخاب کیا، جس پر نفیس کڑھائی اور روایتی مشرقی انداز نمایاں تھا۔ فیشن ناقدین نے ان کے لباس کو مشرقی ثقافت اور جدید سٹائل کا خوبصورت امتزاج قرار دیا۔
ریڈ کارپٹ پر صنم سعید کی پُراعتماد شخصیت اور باوقار انداز کو مداحوں اور شرکا نے خوب پسند کیا۔ ان کے لباس کو پاکستانی ثقافت اور مشرقی خوبصورتی کی بہترین نمائندگی قرار دیا جا رہا ہے۔ سوشل میڈیا پر بھی ان کی تصاویر اور ویڈیوز تیزی سے وائرل ہو رہی ہیں جبکہ مداح ان کے انداز اور انتخاب کی تعریف کر رہے ہیں۔
ایونٹ کے دوران صنم سعید نے پاکستانی سنیما میں خواتین کے کردار پر بھی بات کی۔ انہوں نے کہا کہ ’پاکستان میں خواتین کی فلمی خدمات کی روایت کا آغاز لیجنڈری اداکارہ بیگم شمیم آرا جیسی شخصیات سے ہوتا ہے، جنہوں نے فلمی صنعت میں گراں قدر خدمات انجام دیں۔
واضح رہے کہ کانز فلم فیسٹیول کا آغاز 12 مئی کو ہوا تھا اور یہ میلہ 23 مئی تک جاری رہے گا، جہاں دنیا بھر سے فلم، فیشن اور ثقافت سے وابستہ شخصیات شرکت کر رہی ہیں۔

شیئر: