آج ’بحیرۂ احمر کے دل‘ جزیرہ شوریٰ پر مہمانوں کا استقبال کیا جائے گا
عید کی تعطیلات کے دوران ریڈ سِی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر 32 اضافی پروازیں چلائی جائیں گی (فوٹو: ایس پی اے)
ریڈ سِی گلوبل نے اعلان کیا ہے کہ بحیرۂ احمر کے جزیرۂ شوریٰ پر واقع ’فور سیزن ریزوٹ اینڈ ریزیڈینسز‘، آج 20 مئی سے مہمانوں کو خوش آمدید کہنا شروع کر دے گا۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق یہ افتتاح، اس تفریحی مقام کے پہلے حصے کی تعمیر کا تجارتی آغاز ہوگا جسے کمپنی نے مشترکہ منصوبے کے تحت تیار کیا ہے۔
اس تفریحی مقام کی تعمیر کے لیے ریڈ سی گلوبل اور کنگڈم ہولڈنگ کمپنی کے درمیان مساویانہ بنیاد پر شراکت داری کے تحت 2.6 بلین سعودی ریال کی سرمایہ کاری ہوئی ہے۔ اس کے علاوہ ریاض بینک نے اس پروجیکٹ کے لیے قرض کے طور پر دو بلین ریال کی مالی معاونت کی ہے۔
ریزوٹ کے لیے سیاحت کے جس اصول کو بروئے کار لایا گیا ہے اس میں تمام تر انحصار توانائی کے قابلِ تجدید وسائل پر ہے۔ منصوبے میں جدید ترین طریقوں سے پانی اور بے مصرف مواد کے انتظام کے لیے خصوصی بندوبست کیا گیا تھا تاکہ ماحول پر کم سے کم منفی اثر پڑے اور تحفظ کے طویل مدتی اہداف کو تقویت ملے۔
یہ سنگِ میل ایسے وقت سامنے آیا ہے جب ’ریڈ سِی گلوبل‘، بحیرۂ احمر کی اس سیاحتی منزل پر اپنی مہمان نوازی اور فضائی صلاحیت کو وسعت دے رہا ہے۔ گزشتہ رمضان کے آخری عشرے میں یہاں پر لوگوں کے قیام کی شرح 82 فیصد تک پہنچ گئی تھی۔

توقع ہے کہ عید الضحٰی کے قریب بھی مہمانوں کی بڑی تعداد اس دلکش سیاحتی مقام کا رُخ کرے گی۔
اسی لیے کمپنی نے فیصلہ کیا ہے کہ عید کی تعطیلات کے دوران ریڈ سِی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر 32 اضافی پروازیں چلائی جائیں گی۔