Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

العلا میں ایک نئے لگژری ہوٹل کی تعمیر کا آغاز

لگژری ہوٹل میں 250 کمرے اور سوئٹس شامل ہوں گے، ( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی پبلک انویسٹمنٹ فنڈ کی ذیلی کمپنیوں میں سے ایک العلا ڈیولپمنٹ، نے ’آٹوگراف کلیکشن‘ برانڈ کے تحت ایک نئے لگژری ہوٹل کے تعمیری منصوبے کا آغاز کیا ہے۔
سعودی خبررساں ایجنسی’ایس پی اے‘ کے مطابق یہ اعلان کمپنی کے ترقیاتی منصوبوں اور العلا کی مسلسل تبدیلی میں ایک اہم سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے۔
 العلا ترقیاتی کمپنی کے مینیجنگ ڈائریکٹر جون باغانو اور رائل کمیشن برائے العلا کی چیف ایگزیکٹو عبیر العقل نے دیگر اعلی حکام کے ہمراہ سائٹ کا دورہ کیا۔
مینیجنگ ڈائریکٹر جون باغانو نے کہا’ یہ منصوبہ ہمارے ترقیاتی منصوبے میں ایک اہم قدم کی نمائندگی کرتا ہے، جو ترقیاتی حکمتِ عملی میں بنیادی حیثیت کا حامل ہے۔‘
ان کے مطابق’ تعمیراتی مرحلے میں آگے بڑھنے کے ساتھ ہماری توجہ اعلی معیار اور سرمایہ کاری کےلیے اثاثوں کو تیار کرنے پر ہے، جو العلا کی پوزیشن کو مضبوط بناتے ہیں۔‘

یہ منصوبہ العلا رائل کمیشن کے تعاون سے کیا جارہا ہے۔ ہوٹل میں 250 کمرے اور سوئٹس شامل ہوں گے، جبکہ اس کا افتتاح سال 2027 میں متوقع ہے، العلا کمپنی اس منصوبے پر کام کر رہی ہے۔
یہ منصوبہ ماحولیاتی پائیداری کے معیارات کو مدنظر رکھے ہوئے ہے، جس میں واٹر ری سائیکلنگ، مقامی مواد کا استعمال، کم ماحولیاتی اثر رکھنے والی تعمیراتی تکنیک اور رات میں موزوں روشنی کے نظام کو متعارف کرایا جائے گا۔
یہ منصوبہ ان اقدامات کا حصہ ہے، جو مملکت کے وژن 2030 کے اہداف کے مطابق سیاحت کے شعبے کو سپورٹ کرنے اور معاشی ترقی میں معاون ہیں۔

 

شیئر: