العلا میں ہاٹ ایئر بیلون کی پروازیں، فضا سے تاریخی مقام کا شاندار نظارہ
العلا گورنریٹ مسلسل اپنی منفرد ہاٹ ایئر بیلون کے تجربات کے ذریعے لگژری ایڈونچر کی دنیا کو نئی شکل دے رہا ہے جہاں سے سیاحوں کو اس تاریخی اور ثقافتی مقام کو اوپر سے دیکھنے کا نادر موقع ملتا ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق صبح سویرے روانہ ہو کر یہ پروازیں آسمان کو ایک خاموش نظارے میں بدل دیتی ہیں جہاں اس علاقے کی حیرت انگیز زمین کی شکلیں اس انداز میں دکھائی دیتی ہیں جو زمین سے دیکھنا ممکن نہیں۔
جیسے ہی سورج ریتیلے پتھروں کے وسیع میدانوں پر طلوع ہوتا ہے، اس کی روشنی آتش فشانی چٹانوں اور قدیم وادیوں پر پڑ کر ایک دلکش منظر بناتی ہے۔ ہاٹ ایئر بیلون کی خاموش بلندی سے حجرا کے تاریخی مقبرے واضح طور پر نظر آتے ہیں۔
یہ مملکت کا پہلا عالمی ثقافتی ورثہ ہےاور ساتھ ہی الیفینٹ روک جیسے مشہور قدرتی مقامات بھی دکھائی دیتے ہیں۔ یہ فضائی منظر قدیم تہذیبوں اور قدرتی ماحول کے گہرے تعلق کو نمایاں کرتا ہے اور ایک ایسے ورثے کو پیش کرتا ہے جو ہزاروں سال سے تقریباً ویسا ہی ہے۔
ہاٹ ایئر بیلون پروگرام ’العلا مومنٹس‘ کیلنڈر کا ایک اہم حصہ ہے جو اس مقام کو سیر و سیاحت اور فضائی مہم جوئی کے لیے مشہور بناتا ہے۔ مزید معلومات کے لیے ویب سائٹ دیکھی جا سکتی ہے۔