آزاد تجارتی معاہدے پر مذاکرات مکمل، جی سی سی اور برطانیہ کے مشترکہ اعلامیے پر دستخط
خلیجی سیکرٹری جنرل نے اسے جامع اور جدید تجارتی معاہدہ قرار دیا۔ (فوٹو: ایکس اکاونٹ)
خلیج تعاون کونسل( جی سی سی) اور برطانیہ نے آزاد تجارت کے معاہدے پر مذاکرات کامیابی سے مکمل ہونے پر لندن میں مشترکہ اعلامیے پر دستخط کیے ہیں۔
مشترکہ اعلامیے پر برطانیہ کی جانب سے وزیر مملکت برائے تجارتی امور کرس برائنٹ جبکہ جی سی سی کے سیکرٹری جنرل جاسم محمد البدیوی نے دستخط کیے۔
جی سی سی میڈیا سینٹر کے مطابق سیکرٹری جنرل جاسم البدیوی نے بتایا’ آزاد تجارتی معاہدے پر مذاکرات کامیاب رہے، مشترکہ اعلامیے پر دستخط فریقین کے تعلقات میں نمایاں پیش رفت ہے۔ جو اقتصادی امور کو مزید مضبوط بنانے میں اہم ثابت ہوگی۔‘
جاسم البدیوی نے مزید کہا’ یہ کامیابی اتفاقیہ نہیں بلکہ برسوں کی مسلسل محنت، مضبوط سیاسی عزم اور مشترکہ یقین دہانی کا نتیجہ ہے۔‘
جی سی سی کے سیکرٹری جنرل نے اس معاہدے کو جامع اور جدید تجارتی معاہدہ قرار دیا۔
انہوں نے بتایا’ معاہدے کے فریم ورک میں اشیا و کمرشل سروسز، مالیاتی سروسز، ڈیجیٹل تجارت، سرمایہ کاری کا تحفظ ، ٹیلی کمیونیکیشن اور افراد کی موومنٹ سمیت مختلف شعبوں کا احاطہ کیا گیا ہے۔‘

جبکہ ہرشعبے میں اہم اور مخصوص نوعیت کی یقین دہانیاں بھی کرائی گئی ہیں جو فریقین کے اقتصادی تعلقات کی مضبوطی اور بلند عزائم کی عکاسی کرتے ہیں۔
انہوں نے جی سی سی کے وزرا، مذاکرات کاروں اور تکنیکی ٹیموں کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی رہنمائی اور کوششوں نے اس معاہدے کو ممکن بنایا۔
انہوں نے برطانوی وزیر مملکت برائے تجارت اور ان کی ٹیم کے تعاون کو بھی سراہا۔
