Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فیفا کمشنری جو ’ہر صبح بادلوں کو چھوتے دلکش مناظر کے ساتھ جاگتی ہے‘

پہاڑی مکانات کے بیرونی مناظر کو دلکش انداز میں تعمیر کیا گیا ہے (فوٹو: ایس پی اے)
فیفا کمشنری کا پہاڑی علاقہ ہر صبح ایسے منظر کے ساتھ بیدار ہوتا ہے جیسے وہ بادلوں کو چھو رہا ہو۔ سرسبز سیڑھی دار کھیت اور دھند میں لپٹی ہوئی چوٹیاں ایک قدرتی شاہکار تخلیق کرتی ہیں۔ متنوع نباتاتی ماحول اور پتھر سے بنے قدیم مکانات اس علاقے کو ایک منفرد ثقافتی شناخت عطا کرتے ہیں۔
ایس پی اے کے مطابق  فیفا سطح سمندر سے تقریباً دو ہزار میٹر بلند پہاڑی علاقہ ہے۔ یہ علاقہ سیاحوں کو ارد گرد کی ڈھلوانوں اور پہاڑوں کے وسیع مناظر پیش کرتا ہے۔ حالیہ برسوں کے دوران کئی شہریوں نے ذاتی کوششوں سے اپنے پہاڑی مکانات کے بیرونی حصوں کو دلکش انداز میں تعمیر کیا ہے، تاکہ یہ علاقے کی انفرادیت اور قدرتی حسن کی بھرپور عکاسی کریں۔
مقامی افراد کا کہنا ہے کہ یہ اقدام اپنے علاقے سے محبت اور اس کے قدرتی تشحص پر فخر کا اظہار ہے۔
مقامی شہری علی الفیفی نے اپنے گھر کے ایک حصے میں شیشے کا منفرد پلیٹ فارم  بنایا ہے جو سرسبز پہاڑی ڈھلوانوں کے اوپر معلق محسوس ہوتا ہے۔
یہ پلیٹ فارم یوں دکھائی دیتا ہے جیسے بادلوں اور دور دراز پہاڑی بلندیوں کی سمت سفر کر رہا ہو۔ اس سے مقامی افراد کی یہ خواہش نمایاں ہوتی ہے کہ قدرتی حسن کو روز مرہ زندگی کاحصہ بنایا جائے۔

اہل فیفا کی یہ کوشش گھروں کی ظاہری خوبصورتی بڑھانے سے کہیں زیادہ ہے بلکہ علاقے کے ساتھ مضبوط جذباتی تعلق کی علامت بھی ہے۔
بیشتر افراد اپنی پہاڑی قیام گاہوں اور بیرونی حصوں کو اس انداز میں سجاتے ہیں کہ وہ فیفا کے قدرتی حسن اور پرسکوں ماحول کا بصری تسلسل محسوس ہوں۔
دیہی سیاحت کے ماہرین کا کہنا ہے ایسی انفرادی کاوشیں اس بڑھتے ہوئے شعور کی غماز ہیں جس کے تحت فیفا کمشنری کی قدرتی خصوصیات کو اجاگر کرنے پر توجہ دی جا رہی ہے۔

فیفا کی خوبصورتی ایک روزمرہ کی حقیقت ہے جسے لوگ خود تخلیق کرتے ہیں۔ جہاں ایک بالکونی دھند کی طرف کھلتی ہے اور ایک بیٹھک گزرتے بادلوں کی منتظر رہتی ہے۔
فیفا کی فضائیں ہر صبح بادلوں کو چھوتے دلکش مناظر کے ساتھ جاگتی ہیں۔ بلند و بالا پہاڑ افق تک پھیلے نظاروں کے در وا کرتے ہیں اور دھند میں لپٹی بلندیاں ایسی قدرتی تصویر پیش کرتی ہیں جس نے مقامی آبادی کو اپنے گھروں کی بالکونیوں اور نظاروں کو حسن فطرت کے جشن میں بدلنے پر آمادہ کیا ہے۔

 

شیئر: