Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جزیرۂ ابو شورایہ: سکون اور خاموشی کے متلاشی افراد کے لیے ایک دلکش سیاحتی مقام

جزیرے پر موجود شاطی النوارس (سی گلز بیچ) نمایاں مقام ہے ( فوٹو: ایس پی اے)
جزائر فرسان کی مشرقی سمت میں تقریباً 10 کلو میٹر دوری پر واقع جزیرہ ابوشورایہ کا شمار ان سمندری مقامات میں ہوتا ہے جو اپنی پرسکون فطرت اور شفاف حسن کو برقرار رکھے ہوئے ہیں۔
ایس پی اے کے مطابق جزیرے پر واقع شاطی النوارس (سی گلز بیچ) قدرتی حسن، پرسکون ماحول اور شفاف سمندر کے امتزاج کے باعث ایک نمایاں مقام رکھتا ہے۔
ساحل کا نام النوارس دراصل یہاں بڑی تعداد میں موجود سفید پرندوں کی وجہ سے رکھا گیا ہے جو سفید ریت اور خاموش ساحلی کناروں پر جھنڈ کی صورت میں دکھائی دیتے ہیں۔
یہ منظر جزیرے کے قدرتی حسن اور سمندری ماحول کی تازگی کو اجاگر کرتا ہے جہاں ہجوم اور شور شرابے سے دور یہ مقام اپنی اصل حالت میں موجود ہے۔
جزیرے کے قدرتی مناظر اس کی منفرد ساحلی ساخت کی عکاسی کرتے ہیں۔ سفید ریت کم گہرے پتھریلے حصوں کے درمیان پھیلی ہوئی ہے جبکہ نیلگوں پرسکون پانی اتنا شفاف ہے کہ زمین کی تہہ بھی واضح طورپر دکھائی دیتی ہے۔
یہی خصوصیات ابوشورایہ کو مختصر سمندری سیاحت، ساحلی مہمات اور قدرتی مناظر کی فوٹوگرافی کے شوقین افراد کے لیے ایک دلکش مقام بناتی ہے۔
یہ جزیرہ اپنی کھلی ساحلی فضا، متنوع ریتیلی ساخت، پرسکون سمندری نشیبی حصوں اور قدرتی ماحول کے باعث خاص اہمیت رکھتا ہے۔

نم ریت پر چھوٹے ساحلی جاندار متحرک دکھائی دیتے ہیں جبکہ سی گلز کے جھنڈ لہروں کے مدوجزر کے ساتھ خاموشی سے حرکت کرتے ہوئے ساحل کے روزمرہ منظر کا حصہ محسوس ہوتے ہیں جو آنے والوں کو فطرت کے انتہائی پرسکون اور قریب تر تجربے کا احساس دلاتے ہیں۔
النوارس ساحل کی دلکشی صرف اس کے خوبصورت سمندری مناظر تک ہی محدود نہیں بلکہ یہ ان افراد کے لیے بھی موزوں مقام ہے جو سکون، خاموشی اور ہجوم سے دور سمندری تجربات کی تلاش میں ہوتے ہیں۔
یہاں سمندر کی سیر، کیمپنگ اور شفاف پانیوں سے لطف اندوز ہونے کے مواقع موجود ہیں جو فرسان جزائر کے پر سکون و دلفریب حسن کے عکاس ہیں۔

سعودی ریڈ سی اتھارٹی پائیدار ساحلی سیاحت کے فروغ، ماحولیاتی نظام کے تحفظ اور قدرتی تنوع کو برقرار رکھنے کے لیے کام کر رہی ہے تاکہ سیاحتی ترقی اور ماحولیاتی وسائل کے تحفظ کے درمیان توازن قائم رکھا جا سکے جو مملکت کے وژن 2030 کے اہداف سے ہم آہنگ ہے۔
جزیرہ ابو شورایہ، جزائر فرسان کے قدرتی حسن کا ایک دلکش نمونہ ہے۔ ایک چھوٹا سا جزیرہ جہاں سفید ریت، شفاف پانی اور جنگلی حیات ایک ساتھ جلوہ گر ہوتی ہے، جبکہ النوارس بیچ اس مقام کی ان خوبصورت یادوں میں شامل ہوجاتا ہے جہاں سمندر اور فطرت اپنی انتہائی پرسکون صورت میں ایک دوسرے سے ہم آہنگ دکھائی دیتی ہیں۔

شیئر: