Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بحرینی حکمران کو خط، ڈونلڈ ٹرمپ کا خلیج کی سکیورٹی کے لیے پختہ عزم کا اعادہ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بحرین کے بادشاہ حمد بن عیسیٰ الخلیفہ کے نام ایک خط میں خلیجی خطے میں سکیورٹی اور استحکام کو یقینی بنانے کے لیے واشنگٹن کے پختہ عزم پر زور دیا ہے۔
عرب  نیوز نے بحرین نیوز ایجنسی کا حوالہ دیتے ہوئے رپورٹ کیا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بین الاقوامی قوانین کی ایرانی خلاف ورزیوں کے جواب میں بحرین کے قومی اتحاد و یگانگت کی بھی تعریف کی۔
28 فروری کو ایران کے خلاف امریکہ اور اسرائیل کی فوجی مہم کے آغاز سے اب تک بحرینی فضائی دفاعی نظام نے ایران کی طرف سے داغے گئے کم از کم 188 بیلسٹک میزائلوں اور 477 ڈرونز کو فضا میں ہی روک کر تباہ کیا ہے۔
بحرین، جہاں امریکی بحریہ کی سینٹرل کمانڈ اور پانچویں بحری بیڑے  (ففتھ فلیٹ) کا ہیڈ کوارٹر موجود ہے، ان 10 ممالک میں شامل تھا جنہیں ایران نے میزائل اور ڈرون حملوں کا نشانہ بنایا۔
تاہم اس ملک نے تہران کے خلاف امریکہ کی قیادت میں ہونے والی کسی بھی براہِ راست فوجی کارروائی میں حصہ نہیں لیا۔
اپریل کے اوائل سے ایران اور امریکہ کے درمیان ایک کمزور سی جنگ بندی برقرار ہے۔
دوسری جانب تجارت کی اہم ترین گزرگاہ آبنائے ہرمز اب بھی بند ہے۔
 اسی دوران ایران کے جوہری پروگرام کے حوالے سے کسی معاہدے تک پہنچنے کے لیے امریکہ اور ایران کے مابین مذاکرات کا سلسلہ جاری ہے۔

شیئر: