ایران جنگ شاید مجھے بیٹے کی شادی میں جانے نہ دے: ڈونلڈ ٹرمپ
ایران جنگ شاید مجھے بیٹے کی شادی میں جانے نہ دے: ڈونلڈ ٹرمپ
جمعہ 22 مئی 2026 6:25
امریکی صدر نے کہا کہ ایران جنگ کے باعث یہ بیٹے کی شادی میں شرکت کے لیے ’موزوں وقت نہیں‘ ہے (فوٹو: روئٹرز)
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جمعرات کو کہا کہ وہ اپنے بڑے بیٹے کی شادی میں شرکت کی کوشش کریں گے مگر ایران جنگ کے باعث یہ ’موزوں وقت نہیں‘ ہے۔
فرانسیسی نیوز ایجنسی اے ایف پی نے کہا ہے کہ امریکی میڈیا کے مطابق 48 سالہ ڈونلڈ ٹرمپ جونیئر اس ہفتے کے آخر میں دوسری بار شادی کے بندھن میں بندھنے جا رہے ہیں، اور وہ بہاماس میں بیٹینا اینڈرسن سے شادی کریں گے۔
تاہم اسی دوران صدر ٹرمپ ایران کے ساتھ اپنی غیر مقبول جنگ کے خاتمے کے لیے ایک معاہدے پر کام کر رہے ہیں، جس کے باعث ان کی مقبولیت میں کمی آئی ہے اور نومبر میں ہونے والے وسط مدتی انتخابات سے قبل مہنگائی کے معاملے پر ووٹرز میں غصہ بڑھا ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے اوول آفس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بیٹے کی شادی میں شرکت کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر کہا کہ ’وہ چاہتے ہیں کہ میں آؤں۔ یہ ایک چھوٹی سی نجی تقریب ہوگی اور میں جانے کی کوشش کروں گا۔‘
انہوں نے کہا کہ ’میں نے کہا ہے کہ یہ میرے لیے مناسب وقت نہیں ہے۔ میں اس وقت ایران سمیت دیگر معاملات دیکھ رہا ہوں۔‘
امریکی صدر نے کہا کہ ’وہ اس بات سے بھی باخبر ہیں کہ وہ اگر جنگ کے دوران شادی میں شرکت کرتے ہیں تو میڈیا اس کو کیسے پیش کرے گا، جبکہ جنگ تاحال تعطل کا شکار ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’یہ وہ معاملہ ہے جس میں میَں جیت نہیں سکتا۔ میں اگر شرکت کروں تو مجھے تنقید کا نشانہ بنایا جائے گا، اور اگر نہ کروں تو بھی اور ظاہر ہے یہ کام فیک نیوز کی مدد سے ہوگا۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’امید ہے کہ ان کی شادی کامیاب رہے گی۔‘
ڈون جونیئر کے نام سے معروف صدر کے بیٹے ٹرمپ آرگنائزیشن میں ایگزیکٹو نائب صدر ہیں جو خاندان کا لگژری ریئل سٹیٹ کاروبار ہے، اور وہ اپنے والد کے دائیں بازو کے ماگا (میک امریکہ گریٹ اگین) سیاسی ایجنڈے کے سرگرم حامی ہیں۔
ڈون جونیئر ٹرمپ آرگنائزیشن میں ایگزیکٹو نائب صدر ہیں، جو خاندان کا لگژری ریئل سٹیٹ کاروبار ہے (فوٹو: اے پی)
وہ اکثر اپنے والد کے ساتھ نظر آتے ہیں، جن میں اس ماہ کے آغاز میں وہ موقع بھی شامل ہے جب دونوں فلوریڈا میں ٹرمپ کے مار-اے-لاگو ریزورٹ سے اکٹھے وائٹ ہاؤس واپس آئے تھے۔
گزشتہ سال ڈون جونیئر نے کہا تھا کہ وہ ’شاید کسی دن‘ صدارتی انتخابات میں حصہ لے سکتے ہیں۔ ان کے والد کی دوسری اور آخری صدارتی مدت جنوری 2029 تک جاری رہے گی، جبکہ ریپبلکن صدر ٹرمپ نے سرِدست اپنے جانشین کا اعلان نہیں کیا۔