عازمیںِ حج کی سلامتی اور تحفظ اولین ترجیح ہے: ڈائریکٹر جنرل امنِ عامہ
عازمیںِ حج کی سلامتی اور تحفظ اولین ترجیح ہے: ڈائریکٹر جنرل امنِ عامہ
جمعہ 22 مئی 2026 20:37
مکہ مکرمہ میں داخل ہونے والے 6 مرکزی راستوں پر چیک پوسٹیں حج سیزن کے دوران فعال ہو جاتی ہیں (فائل فوٹو)
ادارہ امنِ عامہ کے ڈائریکٹر جنرل اور حج سکیورٹی کمیٹی کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل محمد عبداللہ البسامی نے کہا ہے کہ مملکت کے مختلف ریجنز میں اب تک 217 فرضی حج کمپنیوں کے خلاف کارروائی کی گئی۔
سبق نیوز کے مطابق مکہ مکرمہ میں حج سکیورٹی اداروں کے رہنماؤں کی مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جنرل البسامی نے مزید کہا کہ مکہ مکرمہ شہر کے مختلف داخلی چیک پوسٹوں پر متعین اہلکاروں نے حج پرمٹ نہ رکھنے والے 3 لاکھ 66 ہزار غیرملکیوں کو واپس بھیج دیا گیا ہے۔
واضح رہے حج سیزن کے دوران مکہ پرمٹ کے بغیر کسی کو شہرِ مقدس میں داخلے کی اجازت نہیں ہوتی، اس ضمن میں مکہ مکرمہ میں داخل ہونے والے 6 مرکزی راستوں پر چیک پوسٹیں حج سیزن کے دوران فعال ہو جاتی ہیں۔ چیک پوسٹوں پر موجود اہلکار اس بات کی یقین دہانی کرتے ہیں کہ کسی کو بھی پرمٹ کے بغیر مکہ مکرمہ داخل نہ ہونے دیا جائے۔
مکہ پرمٹ کا مقصد بیرون مملکت سے آنے والے عازمین حج کو ہر ممکن سہولت کی فراہمی کو ممکن بنانا ہے تاکہ وہ آرام و سکون سے فریضہ حج ادا کر سکیں۔
مشاعر مقدسہ میں پرمٹ نہ ہونے پر ایک لاکھ 40 ہزار گاڑیوں کو لوٹایا گیا (فوٹو: ایکس )
اس حوالے سے جنرل البسامی نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ مشاعر مقدسہ میں گاڑیوں کے داخلے کے لیے بھی خصوصی پرمٹ جاری کیے جاتے ہیں جس کا مقصد مشاعر میں ٹریفک کو کنٹرول کرنا اور غیر ضروری ازدحام پر قابو پانا ہے۔
جنرل البسامی کا کہنا تھا کہ گزشتہ دنوں مشاعر پرمٹ نہ ہونے پر ایک لاکھ 40 ہزار گاڑیوں کو لوٹایا گیا تاکہ ٹریفک کو بہتر طریقے سے کنٹرول کیا جا سکے۔
ڈائریکٹرجنرل ادارۂ امن عامہ کا کہنا تھا کہ ایام حج میں ازدحام کو کنٹرول کرنے اور حجاج کی آمدورفت کو منظم رکھنے کے لیے جامع حکمت عملی مرتب کی گئی ہے جس کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا بھی استعمال کیا جا رہا ہے، حجاج کرام کی سلامتی اور تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ رواں برس حج قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کی تعداد میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔