Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

یوم عرفہ: مسجد نمرہ میں عازمین حج کے خیر مقدم کے لیے تیاریاں مکمل

ایک لاکھ 25 ہزار مربع میٹر رقبے کو قالینوں سے آرستہ کیا گیا ہے۔ (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی وزارت اسلامی امور نے منگل کو یوم عرفہ کے موقع  پر عازمین حج کے خیر مقدم کے لیے مسجد نمرہ کی تیاریوں میں اضافہ کیا ہے۔
 بڑی تعداد میں عازمین کی آمد کے پیش نظر مسجد نمرہ میں ایک لاکھ 25 ہزار مربع میٹر کے  رقبے کو آرام دہ قالینوں سے آرستہ کیا گیا ہے۔
ایس پی اے کے مطابق گزشتہ برسوں کے دوران آپریشنل اور تیکنیکی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے وسیع ترقیاتی منصوبے مکمل کیے گئے ہیں۔
ان منصوبوں میں آڈیو سسٹم کی اپ گریڈیشن، ماحول کو ٹھنڈا رکھنے کے منصوبے اور پانی کی فراہمی کی خدمات میں توسیع شامل ہے۔
نمایاں منصوبوں میں سے عقبی حصے کو ٹھنڈا رکھنے کے لیے 19 کینوپیز کی تنصیب شامل ہے، جو درجہ حرارت کو دس ڈگری سینٹی گریڈ تک کم کرنے میں مدد دیتی ہے۔

 ہائی پریشر پمپوں سے چلنے والے 117 مسٹ پنکھوں کے ذریعے ماحول کو ٹھنڈا کیا گیا ہے، جس سے درجہ حرارت 9 ڈگری سینٹی گریڈ تک کم کرنے میں مدد ملتی ہے۔
مرکزی کنٹرول سسٹم کو کاربن ڈائی آکسائیڈ کی سطح کی مانیٹرنگ کے لیے اپ گریڈ کیا گیا ہے۔ پانی کے پمپوں کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے علاوہ 70 واٹر کولنگ یونٹ بھی نصب کیے گئے ہیں۔

 میدان عرفات میں مسجد نمرہ کہاں ہے؟
میدان عرفات میں واقع مسجد نمرہ جسے مسجدِ عرفہ بھی کہا جاتا ہے، یہاں خطبۂ حج دیا جاتا ہے۔ ظہر و عصر کی نمازیں ایک اذان اور دو اقامت کے ساتھ  پڑھائی جاتی ہیں۔ 
مسجد نمرہ، میدان عرفات کی مغربی جانب واقع ہے۔ اس سے متصل وادی ’عرنہ‘ ہے۔ مسجد کی دیوار مکہ و مکرمہ کے رخ  پر ہے جبکہ وادی عرنہ کا شمار میدان عرفات میں نہیں ہوتا۔ 

 توسیع  کے بعد مسجد کا رقبہ ایک لاکھ 10 ہزار مربع میٹر ہو گیا جبکہ دوسری منزل بھی تعمیر کرائی گئی جس کا رقبہ 27 ہزار مربع میٹر ہے۔
مسجد نمرہ، دنیا کی بڑی مساجد میں سے ایک ہے، جہاں چار لاکھ نمازیوں کی گنجائش ہے۔ اس میں 72 دروازے اور داخلی راستے ہیں۔

 

شیئر: