عازمین کی منیٰ منتقلی مکمل، حج ضوابط کی خلاف ورزیوں میں نمایاں کمی: ترجمان وزارت داخلہ
عازمین کی منیٰ منتقلی مکمل، حج ضوابط کی خلاف ورزیوں میں نمایاں کمی: ترجمان وزارت داخلہ
پیر 25 مئی 2026 20:52
ارسلان ہاشمی، اردو نیوز، مکہ مکرمہ
حجاج کی منیٰ منتقلی کا عمل منظم انداز میں مکمل ہوا، پریس کانفرنس سے خطاب (فوٹو، بشیر صالح)
سعودی وزارت داخلہ کے ترجمان بریگیڈیئر طلال شلھوب کا کہنا ہے کہ’ عازمین حج کی منیٰ منتقلی کا عمل انتہائی منظم انداز میں مکمل ہو گیا۔ یوم ترویہ کے بعد وقوف عرفہ کے لیے روانگی شیڈول کے مطابق ہوگی۔‘
حج 1447 ہجری کے حوالے سے منعقدہ دوسری پریس کانفرنس میں بریگیڈیئر طلال شلھوب نے حج سیزن کے دوران سکیورٹی کی صورتحال اور عازمین حج کے لیے کیے جانے والے انتظامات پر تفصیلی بریفینگ دی۔
پریس کانفرنس میں ان کے ہمراہ وزارت صحت کے ترجمان عبدالعزیز عبدالباقی بھی موجود تھے۔
ترجمان وزارتِ داخلہ نے بتایا’ سکیورٹی امور مقررہ حکمت عملی کے مطابق کامیابی سے جاری ہیں، تمام متعلقہ ادارے باہمی تعاون کے ساتھ عازمین کی امن و سلامتی کے امور کو یقینی بنانے کے لیے بھر پور انداز میں کام کر رہے ہیں۔‘
بریگیڈیئر شلھوب نے بتایا کہ’ بغیر پرمٹ مشاعر مقدسہ میں داخل ہونے کی کوشش پر 231 افراد کو گرفتار کیا گیا، جبکہ جعلی حج خدمات پیش کرنے 246 افراد کے خلاف کارروائی عمل میں لائی گئی ہے۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ’ گزشتہ برسوں کے مقابلے میں سالِ رواں خلاف ورزیوں میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔‘
علاوہ ازیں وزارت صحت کے ترجمان عبد العزیز عبدالباقی کا کہنا تھا ’ صحت کے حوالے سے حجاج کی مجموعی صورتحال اچھی ہے۔‘
گزشتہ برسوں کے مقابلے میں سالِ رواں خلاف ورزیوں میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی (فوٹو، ایس پی اے)
انہوں نے کہا کہ’ صحت کے شعبے میں اب تک 19 لاکھ 50 ہزار سے زائد طبی خدمات فراہم کی گئیں، جن میں 2 لاکھ 92 ہزار سے زیادہ حفاظتی خدمات شامل ہیں۔‘
ایمرجنسی شعبوں میں 28 ہزار سے زائد افراد کا علاج کیا گیا، جبکہ 41 ہزار سے زیادہ حجاج نے ہیلتھ سینٹرز اور فوری طبی نگہداشت خدمات سے استفادہ کیا۔ 4 ہزار افراد نے کلینکس سے رجوع کیا۔