Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان سمیت کئی ممالک میں عیدالاضحیٰ مذہبی جوش و جذبے سے منائی جا رہی ہے

نماز عید کے مسلمان سنت ابراہیمی کی پیروی میں جانوروں کی قربانی دے رہے ہیں (فوٹو: اے ایف پی)
دنیا بھر کے کئی دوسرے ممالک کی طرح پاکستان میں بھی آج عیدالاضحیٰ مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منائی جا رہی ہے اور سنت ابراہیمی کی پیروی میں جانوروں کی قربانیوں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
اسلام آباد میں فیصل مسجد، لاہور میں بادشاہی مسجد اور دوسرے شہروں میں نماز عید کے اجتماعات ہوئے۔ نماز کے اجتماعات میں ملک کی سلامتی اور ترقی و خوشحالی کے لیے دعائیں مانگی گئیں۔
اسی طرح پاکستان کے پڑوسی ممالک ایران، انڈیا، افغانستان، بنگلہ دیش اور دوسرے ممالک میں بھی آج عیدلاضحیٰ کا پہلا روز ہے۔
سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور دیگر خلیجی ممالک میں بھی آج عید منائی جا رہی ہے جبکہ امریکہ، افریقہ اور یورپ میں بھی آج عید منائی جا رہی ہے۔
پچھلے روز ملک کے ہوائی و بس اڈوں پر کافی رش دیکھنے کو ملا کیونکہ بڑی تعداد میں لوگوں نے اپنے آبائی علاقوں میں عید منانے کے لیے اپنے شہروں کا رخ کیا جبکہ مویشی منڈیوں میں بھی کافی رش دیکھنے کو ملا۔
اس بار زیادہ تر بیوپاری گاہکوں کی کمی جبکہ گاہک جانوروں کی زیادہ قیمتوں کی شکایت کرتے دیکھے گئے۔
حکومت کی جانب سے عید کی چھٹیوں کے لیے کیے گئے اعلان کے کے بعد آج دوسری چھٹی ہے جو کہ جمعے تک ہیں اور سنیچر اور اتوار بھی ان کے ساتھ مل جائیں گے۔
عید کے موقع صدر مملکت اور وزیراعظم کی جانب سے قوم کو مبارک باد دی گئی ہے۔
بدھ کی صبح ایوانِ صدر کی جانب سے جاری بیان میں صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ عیدالاضحیٰ اطاعت، ایثار، صبر اور اخلاص کا عظیم درس دیتی ہے، انسان کی اصل کامیابی مال و دولت، طاقت یا ظاہری شان میں نہیں۔
اسی طرح وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے جاری ہونے والے پیغام میں کہا گیا ہے کہ عیدالاضحیٰ جذبہ ایثار اور قربانی کی حقیقی روح کو سمجھنے کا پیغام ہے، عیدالاضحیٰ سنت ابراہیمی اور اطاعت الہٰی کی یاد دلاتی ہے۔
اسی طرح عید کے موقع پر فیلڈ مارشل عاصم منیر، چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل نوید اشرف اور ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے بھی ’پاکستان کے عوام کو دل کی گہرائیوں سے عید کی مبارک باد‘ پیش کی۔

شیئر: